ممبئی: 2 دسمبر (پریس ریلیز)
جدید میڈیا میں طلبہ مدارس کیلئے بہت مواقع ہیں ، سائبر میڈیا کی آمد کی بعد صحافت کے میدان میں کافی وسعت ہوگئی ہے اور شوق ودلچسپی رکھنے والے اس میدان میں نمایاں خدمات بآسانی انجام دے سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار گزشتہ دنوں مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی میں زیر تعلیم فضلاء مدارس سے خطاب کرتے ہوئے ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے کیا، انہوں نے کہاکہ میڈیا اور رابطے کے ذریعہ دن بدن ترقی کررہے ہیں، پرنٹ میڈیا کے بعد الیکٹرانک میڈیا آیا اور اب سائبر میڈیا کا زمانہ ہے، اگلے پانچ سالوں میں سب کچھ موبائل کی اسکرین پر ہوگا ، اخبارات سے زیادہ بے حیثیت اب ٹی وی کے اسکرین ہوجائیں گے ، انہوں نے کہاکہ ابھی سے ایسے ایپ آگئے ہیں جس نے ٹی وی اسکرین کو بے ضرورت ثابت کردیا ہے اور انسان کہیں بھی کسی بھی وقت ٹی وی دیکھ سکتا ہے ، اس کے علاوہ ٹی وی سے زیادہ اب لوگوں کی توجہ یوٹیوب کی طر ف ہورہی ہے اور اس وقت یوٹیوب سب سے زیادہ مقبول ہوچکا ہے ، فیس بک اور ٹوئٹر کا استعمال بھی ایک میڈیا ہاﺅس کی طرح ہورہا ہے اور لوگوں تک اپنی بات پہونچانے کا یہ سب سے بڑا ذریعہ بن گیاہے ، انہوں نے مزید کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا بھی اپنے مواد کی تشہیر کیلئے انہیں سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں، بی بی سی سمیت کئی بڑے میڈیا ہاوسز کا سوشل میڈیا سائٹس سے معاہدہ ہے ۔
شمس تبریز قاسمی نے مزید کہاکہ ایک اخبار نکالنا یا ٹی وی چینل قائم کرنا آج کا دور میں بہت مشکل ہے ، کافی پیسہ کی بھی ضرورت ہے جبکہ ویب سائٹ کے ذریعہ کم خرچ میں اس مقصد کو نہ صرف حاصل کیا جاسکتاہے بلکہ پرنٹ اور الیکٹرانک کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ لوگوں تک ہم پہونچا سکتے ہیں، انہوں نے طلبہ کی جانب سے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملت ٹائمز کو دنیا کے 120 سے زائد ملکوں میں پڑھا جاتا ہے، ایک لاکھ سے زائد لوگ یومیہ وزٹ کرتے ہیں اور آئے دن اسے مقبولیت مل رہی ہے ۔انہوں نے طلبہ سے کہاکہ ملت ٹائمز میں آپ کا خیر مقدم ہے ، آپ اپنی کاوشوں اور تحریروں کو ملت ٹائمز میں شائع ہونے کیلئے ضرور بھیجیں ۔انہوں نے کہاکہ ویب سائٹ اب انکم کا بھی ذریعہ بن چکی ہے ، گوگل ایڈسینس سے آپ کما سکتے ہیں، ملت ٹائمز پر بھی گوگل ایڈسینس کا اشتہار شائع ہوتاہے ۔





