ممبئی: ۲۵ جنوری (ملت ٹائمز) اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ائیرین شیران کے نام سے ممبئی کے مشہور مقام نریمن پوائنٹ کا ایک چوراہاموسوم کئے جانے کی تجویز ممبئی مونسپل کارپوریشن کی پربھاگ سمیتی میں پیش ہونے کی اطلاع ملتے ہی ال انڈیا علماء کونسل ‘ ممبئی امن کمیٹی ‘ ساہس فاؤنڈیشن ‘ ملی شوری اور دیگر مسلم تنظیموں کے نمائندگان کےوفد نے پربھاگ کمیٹی کی چیرپرسن گیتا گاولی سے اچانک علی الصباح ان کی رہائش گاہ پر پہونچ کر ملاقات کی اور اس تجویز پر اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا.ـ
اراکین وفد نے کہا کہ ہزاروں بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ظالم کے نام ممبئی جیسے عالمی شہر کامعروف چوراہا موسوم کیا جارہا ہے یہ انتہائی حیرت انگیز اور قابل مذمت کام ہے ‘ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اس اقدام.سے ساری دنیا کے امن پسند لوگوں خصوصا مسلمانوں میں بہت غلط پیغام جائے گا پورے ملک کی بدنامی بھی ہوگی ‘ وفد نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی تاریخ بھی بیان کرتے ہوئے صابرہ شیتلہ اور غازہ وغیرہ کا تفصیل سے ذکر کیاـ
وفد کی گفتگو سننے کے بعد گیتا گاولی نے یقین دلایا کہ میٹگ میں اس تجویز کو مسترد کروانے کی پوری کوشش کریں گی….
وفد میں مولانا اطہر علی ‘ مولانا محمود دریابادی ‘ مولانا کشمیری ‘ مولانا عبد الجبار اعظمی ‘ فرید شیخ ‘ سلیم موٹر والا ‘ سعید خان ‘ سید فرقان ‘ زبیر اعظمی اور دیگر حضرات شامل تھےـ





