ہوجائی؍آسام : 2؍فروری (ملت ٹائمز)
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام انگریز زبان سیکھنے والے فضلاء مدارس کے درمیان چوتھا تقریری مسابقہ آئندہ 4 فروری بروز اتوار کو آسام کے مشہور صنعتی شہر ہوجائی میں منعقد ہونے جارہا ہے جس میں ملک کی 8 سے زائد ریاستوں میں انگریزی زبان سیکھنے والے فضلاء مدارس حصہ لیں گے اس کے علاوہ ملک کی کئی اہم شخصیات کی بطور مہمان خصوصی شرکت ہوگی ۔
مرکز المارف مدارس اسلامیہ سے فارغ علماءکو انگریزی زبان و ادب اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم دینے والا ہندوستان کا منفرد اور مشہور ادارہ ہے جسے ایم ایم ای آر سی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ایم ایم ای آر سی اور اس سے محلق اداروں سے پڑھنے والے طلبہ اس وقت دنیا کے 17 ملکوں میں انگریزی زبان کے ذریعہ دعوت دین اور ملت اسلامیہ کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔اس کے علاوہ مرکز المعارف سے انگریزی زبان میں ایسٹرن کریسنٹ کے نام سے ایک ماہانہ میگزین بھی شائع ہوتی ہے جسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے ۔
ایم ایم آر سی کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے بتلایا کہ اس پروگرام میں شرکت کے لئے ہندوستان کے پندرہ صوبوں سے مدعومہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ آل انڈیا یو نائٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و لوک سبھا ایم پی مولانا بد ر الدین اجمل القاسمی اس پروگرام کی صدارت فرمائیں گے جبکہ آل انڈیا مسلم پر سنل لاء بورڈ کے سکریٹری و ترجمان مولانا خالد سیف اللہ رحمانی مہمانِ خصوصی ہونگے اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے وائس چانسلر پروفیسر اختر الواسع اور ممبر پارلیمنٹ جناب سراج الدین اجمل پروگرام میں بطورِ مہمانانِ اعزازی شریک ہونگے۔ انہوں نے یہ بتایا کہ اس پروگرام کے لئے ساری تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور ناظر اجمل میموریل کالج آف ایجوکیشن ، ہوجائی کا وسیع وعریض آڈیٹوریم سج دھج کر قومی سطح کے اس مقابلے کی تاریخ بننے کے لئے تیار ہے۔
ڈیل کورس کے قومی کو آرڈینیٹرمولانا مد ثر احمد قاسمی نے بتلا یا کہ اجمل سی ایس آر کی دو بڑی تنظیمیں مر کز المعارف (این جی او) اور اجمل فاﺅنڈیشن کی میزبانی میں قومی سطح کے اس سالانہ پروگرام کو منعقد کیا جارہا ہے اور یہ پروگرام اتوار صبح آٹھ بجے سے ملت ٹائمز کے یو ٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مرکز المعارف ایجو کیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ذریعہ متعارف کردہ دو سالہ ڈپلوما ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (ڈی ای ایل )کورس کے لئے ہندوستان بھر میں با ضابطہ آٹھ شاخیں قائم ہیںجہاں کے تین تین منتخب فضلا ءاس مقابلے میں شریک ہورہے ہیں۔یہ ادارے مندرجہ ذیل ناموں سے مشہور ہیں: مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر،ممبئی (مہاراشٹرا)، مرکز اسلامی ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، انکلیشور (گجرات)، جامعہ اسلامیہ جلالیہ، ہوجائی (آسام)، المعہدالعالی الاسلامی، حیدر ٓباد (تلنگانہ)، اسلامک اسٹڈی اینڈ ریسرچ سنٹر مدرسہ اسلامیہ، بیتیا (بہار)، مرکز امام ولی اللہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ، ہریدوار (اتراکھنڈ)، محمودیہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، رام نگر (کرناٹک)، المعہد الفکر الاسلامی، مظفر آباد (اتر پردیش)۔





