مدھوبنی : (ملت ٹائمز) بینی پٹی مدہوبنی حلقہ سے 13 مارچ کومدہوبنی شہر میں ہونے والے خواتین کے احتجاجی مظاہرےاور 15 اپریل کو گاندھی میدان پٹنہ میں ہونے والے دیش بچاؤ دین بچاؤ کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے قاضی اعجاز احمد قاسمی کا طوفانی دورہ جاری ہے اسی سلسلے میں آج جامعہ دارالسلام سنہولی بینی پٹی میں قاضی شریعت حضرت مولانا مفتی اعجاز قاسمی کی صدارت میں ایک بیٹھک ہوئی، جس میں علاقے کی اہم شخصیات جناب حسان بدر صاحب، جناب پرویز احمد نظرا، مولانا افروز قاسمی، قاری مبین صاحب، مفتی حسن الرحمن ندوی، مولانا شاہد حسین، مولانا عنایت اللہ ندوی، حافظ محمد انوار، مولانا اصغر رضا، نقی احمد سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی، افتتاحی بیان کرتے مولانا محمد یوسف قاسمی معاون قاضی دارالقضا دملہ نے کہا کہ دین اور دیش دونوں کی حفاظت ہم تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے، برادران وطن سے ہمارے تعلقات اچھے ہوں، آج ہمارے ملک میں دین اور آئین دونوں پر حملہ ہونے جا رہا ہے، اس لئے ہم کو فکر مند ہونے کی ضرورت ہے، صدارتی تقریر میں حضرت مولانا مفتی اعجاز آحمد قاسمی نے کہا کہ گاندھی میدان پٹنہ میں 15اپریل کو دیش بچاؤ اور دین بچاؤ کنونشن ہونے جارہا ہے اسی طرح 13مارچ کو مدہوبنی میں خواتین کا احتجاجی مظاہرہ ہورہا ہے ہم مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ جانی اور مالی دونوں قربانی پیش کریں، انہوں نے حضرت امیر شریعت کا تحریری ہدایت نامہ اور پیغام بھی پڑھ کر سنایا،جناب حسان بدر صاحب اور جناب پرویز صاحب سابق مکھیا دونوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ دونوں پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہم لوگ پوری محنت صرف کردیں گے آپ حضرات مطمئن رہیں یہ پروگرام ہمارے ملی تشخص کی بقا کے لئے ہے اس لیے ہم بینی پٹی کے مسلمان پوری سنجیدگی کے ساتھ اس میں شریک ہوں گے اس سلسلے میں علاقائی افراد پر مشتمل بلاک سطح کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے مشترکہ طور پر کنویبرجناب حسان بدر، پرویز صاحب سابق مکھیا، اور مولانا نورالدین صاحب استاد مدرسہ عربیہ دارالسلام سنہولی بنائے گئے اس کمیٹی کی مٹنگ گیارہ مارچ کو عمر فاروق اکیڈمی رانی پور میں رکھی گئی ہے تاکہ زمینی سطح پر کوئی ٹھوس لائحہ عمل تیار کیا جائے کنوینر کو کو یہ ذمہ داری دی گئی کے اپنے ممبران کے مشورے سے پنچایت سطح پر ذمہ داریاں تقسیم کردی جائیں تاکہ کام میں آسانی ہو، یہ ہدایت دی گئی کہ پنچایت سطح کے جو ذمہ دار ہوں گے وہی گاڑیوں کا انتظام کریں گے اور جانے والے لوگوں کی ترتیب بنائیں گے،
یاد رہے کہ قاضی شریعت مولانا مفتی اعجاز احمد قاسمی اور مولانا یوسف قاسمی صاحب دونوں مظاہرہ کو کامیاب کرنے کے لیے پوری کوشش صرف کررہے اور علاقے کا طوفانی دورہ کررہے ہیں پروگرام کا آغاز عزیزم محمد عنایت اللہ متعلم مدرسہ عربیہ دارالسلام سنہولی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا نورالدین قاسمی نے انجام دیئے۔





