سمستی پور میں فرقہ وارانہ فساد، مسجد پر لہرایا گیا بھگوا پرچم، مسلمانوں میں سخت اضطراب

پٹنہ: 28؍مارچ (ایجنسیاں) بہار میں جب سے نتیش کمار مہا گٹھ بندھن سے بی جے پی میں شامل ہوئے وہاں کے حالات دن بہ دن خراب ہوتے جارہے ہیں۔ فرقہ پرست عناصر ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مٹانے کے درپے ہیں اور بہار میں جگہ جگہ فرقہ وارانہ فسادات رونما ہوہے ہیں، کبھی بھاگلپور جل رہا ہے تو کبھی اورنگ آباد فرقہ پرستوں کے نشانے پر ہے۔ آج سمستی پور کے روسڑا گائوں میں موجود مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے فرقہ پرست عناصر نے مسجد پر بھگوا جھنڈا لہرا دیا۔ اطلاع کے مطابق روسڑا گائوں کے گدری بازار میں مسجد کے پاس سے جب درگا جی کا جلوس وسرجن کے لیے گزر رہا تھا تو کسی شرپسند عناصر نے اس جلوس پر اپنی چپل پھینک دے ۔ جس کے بعد دعویٰ کیاجارہا ہے کہ یہ کام کسی مسلمان نے کیا ہے جس کی وجہ سے ہندوئوں میں اشتعال بڑھ گیا ۔ آج صبح ہزاروں افراد مسجد کے پاس چپل پھینکے جانے کا بدلہ لینے کی غرض سے جمع ہوئے اور مسجد پر شری رام کا جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مسجد پر شری رام کا جھنڈا لہرا دیا۔اور مدرسہ ضیاء العلوم (شاخ ندوۃ العلماء) کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے مقدس دینی کتاب کو بھی نذر آتش کردیاگیا ہے ۔ جس سے مسلمانوں میں سخت اضطراب اور علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ بازار بند ہیں، مقامی انتظامیہ حالات پر قابو پانے کےلیے کوشش کررہی ہے۔ انٹرنیٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور شہر میں دفعہ ۱۴۴ نافذ کردیاگیا ہے۔ موقع واردات پر پولس سپرنٹنڈنٹ دیپک رنجن ، اے ایس پی سنتوس کمار، سمیت کئی تھانوں کی پولس کیمپ کررہی ہے اسی دوران دونوں فرقوں کی طرف سے ہوئی سنگ باری میں ایس پی دیپک رنجن ، ایس پی سنتوش کمار، روسڑا تھانہ کے برجن نندن مہتا سمیت نصف درجن پولس افسران کے زخمی ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ وہیں بہار کے نوادہ ضلع سے خبریں موصول ہورہی ہیں کہ یہاں سے رام نومی کا جلوس گزر رہا ہے جس میں تقریبا ایک لاکھ سے زائد افراد جمع ہوئے ہیں اب تک نوادہ کے پڑوسی اضلاع، نالندہ، شیخ پورہ، لکھی سرائے اور جموئی سے بھی رام نومی کے جلوس میں شرکت کے لیے لوگ جوق در جوق آرہے ہیں۔اطلاع کے مطابق جلوس میں مرکزی وزیر گری راج بھی شریک تھے ، ابھی نوادہ شہر کے مسلمانوں میں سراسیمگی ہے۔ انتظامیہ حالات سے نپٹنے کے لیے مستعد ہے، جگہ جگہ پولس فورس تعینات کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی سے بروقت نپٹا جاسکے۔ مغل کھار مسجد نوادہ کے امام مولانا نظر الباری کے مطابق یہ جلوس تقریباً تین سوا تین بجے سے جلوس مسجد کے پاس سے مستان گنج کی طرف جارہا ہے اور شام دیر تک یہ جلوس گزر ہی رہا تھا۔ واپسی کی ابھی کوئی خبر نہیں ہے رات میں کب واپس ہوں گے انہوں نے کہا کہ فی الحال شہر میں امن ہے لیکن تنائو ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کے لیے خیر کی دعا فرمائیں کہ اللہ مسلمانوں کے جان ومال کی حفاظت فرمائے۔