خطۂ کوکن کے بورلی پنجتن میں آج جمعیۃ علماء کی قومی یکجہتی کانفرنس حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند سمیت دیگر مسالک و مذاہب کے رہنماؤں کا بھی ہوگا خطاب

ممبئی 16 اپریل (ملت ٹائمز پریس ــ ریلیز) ملک میں خوشگوار ماحول قائم رکھنے کیلئے قومی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اسی ضرورت کے پیش نظر جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے متعدد پروگرام کئے ہیں،جس کی ایک کڑی(آج) 17؍ اپریل 2018 بروز منگل،شام 5؍ بجے تا 10؍ بجے شب’’خطۂ کوکن کے بورلی پنجتن میں قومی یکجہتی کانفرنس‘‘ کے منعقد کرنے کا فیصلہ بھی ہے تاکہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہے اور فرقہ پرستوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبارات کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ خطۂ کوکن کے بورلی پنجتن میں جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃعلماء ہند کے عظیم الشان قومی یکجہتی کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔گزشتہ دنوں بورلی پنچتن اور شری وردھن کے دورے پرجمعیۃعلماء مہاراشٹرکے ایک وفد نے میدان اورانتظامی امور کا جائزہ لیا تھا،اور اس سلسلہ میں چند رہنمایانہ مشورے بھی دیئے تھے ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخباری بیان میں کہا کہ(آج) کے اس کانفرنس سے جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃعلماء ہند،محترم شنکر اچاریہ سوامی ستیہ نند جی مہاراج صاحب(صدر وشو ہندو ستیہ شودھک مشن،مدھیہ پردیش)عالی جناب مہنت باباستیہ نام داس جی (ماننگڈھ آشرم) شیخ فیصل عبد الحکیم المدنی(اہل حدیث عالم،جامعہ اسلامیہ نور باغ،ممبئی)مہاراج ہیمنت جی شیورام بھگت صاحب سردونی والا(جین مت مذہبی پیشوا)جناب شری راجیش کامبلے صاحب (دلت رہنما)حضرت مولانا مستقیم احسن اعظمی( صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر) جناب مفتی محمد یوسف قاسمی (خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر)مولانا امان اللہ قاسمی بروڈ (مہتمم جامعہ حسینیہ عربیہ شری وردھن )مفتی رفیق پورکر مدنی (مرکزی صدر انجمن درد مندان تعلیم وترقی ٹرسٹ مہاڈ) مولانا عبد الوہاب قاسمی (صدر جمعیۃ
علماء کوسہ ممبرا)خطاب فرمائیں گے اور مہمانان خصوصی ہوں گے ۔
مولانا نے یہ بھی کہاکہ یہ خطہ کوکن کی اولین بین المذاہب مثالی عظیم الشان کانفرنس ہے،جس میں خطہ کوکن اوراطراف کے علماء و عوام کی بہت بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
مولانا نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس کانفرنس میں دوست واحباب کے ساتھ شریک ہوکر اپنی ملی بیداری کا ثبوت دیں اور اس کو تاریخی اور مثالی بنانے میں اہم کردار ادا کریں ۔