ویڈیو سامنے آنے اور وائرل ہونے کے بعد شہزاد خان نامی شخص نے 25 اپریل 2018 کو شکایت درج کرائی تھی جس کی بنیاد پر ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 295 اے، 296 اور 506 کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے
(نئی دہلی )گزشتہ جمعہ یعنی 20 اپریل کو گڑگاﺅں کے سیکٹر-53 میں کچھ شرپسندوں کے ذریعہ مسلمانوں کو نماز میں رخنہ پیدا کرنے اور ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی ،آج ہریانہ پولس نے اس معاملے میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں ارون، منیش، دیپک، مونو عرف نمبردار، موہت اور رویندر شامل ہیں، جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف مسلمانوں کو نمازِ جمعہ پڑھنے سے روکا بلکہ انھیں ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے کے لیے بھی کہا۔ ان نوجوانوں پر تعزیرات ہند کی کئی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
قومی آواز کے مطابق ویڈیو سامنے آنے اور وائرل ہونے کے بعد شہزاد خان نامی شخص نے 25 اپریل 2018 کو شکایت درج کرائی تھی جس کی بنیاد پر ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 295 اے، 296 اور 506 کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔ اس تعلق سے گڑگاوں سیکٹر-53 کے پولس اسٹیشن میں تعینات اسٹیشن ہاوس افسر اروند دہیا کا کہنا ہے کہ ”ہمیں وائرل ویڈیو کے بارے میں گزشتہ ہفتہ پتہ چلا۔ شہزاد خان کے ذریعہ اس معاملے میں بدھ کو شکایت درج کیے جانے کے بعد متعلقہ دفعات میں کیس درج کرنے کے بعد 6 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔“ انھوں نے مزید کہا کہ ”جانچ جاری ہے اور دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔“