سعودی عرب میں گر جاگھر تعمیر کئے جانے کی خبر سے مشرق وسطی میں ہلچل ،ویٹیکن سٹی نے کی تردید

کارڈینل جین لوئی توران اور مسلم ورلڈ لیک کے محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے درمیان گرجا گھروں کی تعمیر کے لئے ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا۔سب سے پہلے یہ دعویٰ ’ایجپٹ انڈیپینڈنٹ‘ کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ ویٹی کن کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں بے بنیاد ہیں۔
ویٹیکن سٹی(ایجنسیاں)
سعودی عرب دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ایک بھی گرجا گھر نہیں۔تاہم گذشتہ کئی دنوں سے یہ خبر گردش کررہی ہے کہ سعودی مملکت اور ویٹیکن کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پہلی بار مملکت میں عیسائیوں کے لئے گرجا گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ عالمی میڈیا میں یہ خبر شائع ہوتے ہی پورے عالم اسلام میں ہلچل مچ گئی اور اس کی مذمت کی جانے لگی ۔ان تمام ہلچل کے بعد بالآخر ویٹی کن کی جانب سے بھی ایک بیان سامنے آ گیا ہے جس میں اس بات کی تردید کردی گئی ہے کہ سعودی عرب میں گرجا گھروں کی تعمیر کے لئے سعودی حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ ہوا ہے۔
روزنامہ پاکستان نے لکھاہے کہ مشرق وسطیٰ کی میڈیا میں سامنے آنے والی خبر کے مطابق کارڈینل جین لوئی توران اور مسلم ورلڈ لیک کے محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے درمیان گرجا گھروں کی تعمیر کے لئے ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا۔سب سے پہلے یہ دعویٰ ’ایجپٹ انڈیپینڈنٹ‘ کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ ویٹی کن کے ترجمان نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ کارڈینل جین لوئی نے رواں سال سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور مملکت پر زور دیا تھا کہ یہ اپنے تمام شہریوں سے مساوی سلوک کرے۔ سعودی دورے کے دوران ان کی ملاقات فرمانروا شاہ سلمان سے بھی ہوئی تھی۔