عمان اور یمن میں خوفناک سمندری طوفان ،نظام زندگی تھپ

مسقط(ایجنسیاں)
بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان عمان سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان میکونو عمان سے بھی ٹکرا گیا جس سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔
طوفان کے باعث ملک میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں اور تعلیمی ادارے و کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں۔عمان سے ٹکرانے کے بعد میکونو طوفان کیٹیگری 3 میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں اور موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔کئی علاقے زیر آب آگئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے جبکہ پورے ملک کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام اور پٹرول نایاب ہوگیا ہے۔عمان کے سلالہ ایئر بیس میں بھی پانی بھر گیا ہے اور سول ڈیفنس سینٹر کو بھی خالی کرالیا گیا ہے۔ عمان کی حکومت نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے ملک کے دوسرے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 24 گھنٹے کیلیے بند کردیا ہے

بحیرہ عرب میں بننے والے سمدنری طوفان ”میکونو“ نے عمان کے ساتھ یمن کے جزیرے سقطریٰ میںبھی تباہی پھیلادی ہے، جزیرے پر سیلاب کی صورت حال ہے جہاں سے سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کردیا گیا ہے تاہم کھلے سمندر میں موجود 2 کشتیوں پر سوار 19 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ جزیرے کے گورنر رمزی معروف کے مطابق ساحلی علاقے پرواقع کئی دیہات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

SHARE