مقبوضہ بیت المقدس:مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی کے رشتہ دار کو گولیاں مار کر شہید کردیاہے۔خبررساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے قصبے نبی صالح میں اسرائیلی فوج نے سنگ باری کے الزام میں 21 سالہ نوجوان کو گرفتار کرنے کے لیے گھر پر چھاپا مارا اور اس دوران نہتے فلسطینی کو شہید کردیا۔ رپورٹس کے مطابق ازدان تمیمی کو اسرائیلی جیل میں قید 18 سالہ عہد تمیمی کے گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی سماجی رکن نے میڈیا کو بتایا کہ ازدان تمیمی نامی نوجوان کو اسرائیلی فوج نے کچھ فاصلے سے گردن میں تین گولیاں ماریں جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور فوجیوں کے حصار میں ہی دم توڑ گیا جب کہ اس دوران امدادی ٹیمیں بھی وہاں موجود تھیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کو دورانِ کارروائی پتھراو¿ کرنے پر گولیاں ماری گئیں جب کہ نوجوان کو زخمی ہونے کے بعد پوری طبی امداد دی گئی تاہم وہ جانبرنہ ہوسکا۔