سری نگر : رمضان کے مقدس مہینے میں جموں وکشمیر میں دہشت گردوں نے اغوا کئے فوج کے جوان اورنگ زیب کا قتل کردیا ۔ اب اورنگ زیب کی موت سے پہلے ان کا آخری ویڈیو سامنےآیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ دہشت گردوں نے ان کا قتل کرنے سے پہلے ویڈیو بنایا ، جسے جمعہ کو سوشل میڈیا پرجاری کیا گیا۔
ویڈیو دیکھنے سے صاف پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردوں نے انہیں کافی ٹارچر کیا تھا۔ اورنگ زیب کے کپڑوں میں مٹی لگی تھی ، جس سےلگ رہا ہے کہ گولیوں سے چھلنی کرنے سے پہلے دہشت گروں نے ان کی کافی پٹائی بھی کی تھی۔
خیال رہے کہ عید کی چھٹی منانے گھر جارہے اورنگ زیب کو دہشت گردوں نے جمعرات کی دوپہر میں اغوا کرلیا تھا۔ دیر رات گولیوں سےچھلنی جوان کی لاش پلوامہ ضلع کے گسو علاقہ میں ملی۔ ان کے سر ، چہرے اور گردن پر گولیوں کے نشان ملے۔ اورنگ زیب شوپیاں میں واقع 44 راشٹریہ رائفلس میں تعینات تھے۔





