رام اللہ (ایجنسی)
فلسطین کے علاقے غزہ میں الشجاعیہ کے مقام پر ہفتہ کو ایک گھرمیں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور کم سے کم آٹھ زخمی ہوگئے۔
مقامی طبی اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مشرقی غزہ میں الشجاعیہ کے مقام پر پیش آیا۔ دھماکے میں مارے جانے والے شہریوں کی شناخت موید حیدر حلس اور ضیا ماجد العریر کے ناموں سے کی گئی ہے اور دونوں کی عمریں 17 سال بتائی جاتی ہیں۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
غزہ میں پولیس کے ترجمان کرنل ایمن البطنیجی نے بتایا کہ دجماکہ العریر شہری کے گھر میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کہ وجہ آتش بازی کا سامان بھی ہوسکتا ہے کیونکہ اس گھر میں آتش بازی کا بڑی مقدار میں سامان موجود تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔