امریکہ کے بعد اب سلواکیا نے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا

مقبوضہ بیت المقدس(ملت ٹائمز)
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار’یسرائیل ھیوم‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپی ملک سلواکیا نے تل ابیب میں قائم اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق سلواکیا کا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے کا فیصلہ حال ہی میں سلواکیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر میلا شٹاکھ کی اسرائیلی صدر روف ریفلین سے ملاقات کے دوران کیا گیا تھا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے سفیر بھی موجود تھے۔اخباری رپورٹ کے مطابق سلواکیا جلد ہی اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کردے گا تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر یولی اڈلچائن نے سلوکیا کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کو صہیونی ریاست کی سفارتی میدان میں غیرمعمولی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سلواکیا کا وفد دو روز سے اسرائیل میں موجود ہے اور وفد کے اعضاءکو القدس میں سلواکیا کے سفارت خانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ برس چھ دسمبر کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا ابدی اور غیر منقسم دارالحکومت قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد رواں سال 14 مئی کو امریکا نے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے القدس منتقل کردیا تھا۔

SHARE