پاکستان الیکشن کے نتائج پر نواز شریف کو بھی اعتراض ،اڈیالہ جیل سے اہم اعلان

اسلام آباد (ملت ٹائمز روزنامہ پاکستان)
عام انتخابات کے نتائج مسلم لیگ( ن) سمیت کئی سیاسی جماعتیں مسترد کر چکی ہیں اور دھاندلی کے الزامات عائد کر چکی ہیں۔ اب اس حوالے سے اڈیالہ جیل میں قید مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف بھی میدان میں آ گئے ہیں اور بڑا اعلان کر دیا ہے۔ ڈیلی ڈان کے مطابق میاں نواز شریف نے جیل میں ملاقات کرنے والوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ عام انتخابات چوری کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ”چوری شدہ انتخابات کے آلودہ اور مشکوک نتائج ملکی سیاست پر بہت منفی اثرات مرتب کریں گے۔“
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ”انتخابات کے چوری ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو گا کہ خیبرپختونخوا میں انتہائی ناقص کارکردگی کے باوجود وہاں سے تحریک انصاف دوبارہ جیت گئی اور مسلم لیگ ن پنجاب کے ان حلقوں سے بھی ہار گئی جہاں سے اس کے ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔“ پنجاب کے ان حلقوں بارے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے فیصل آباد، لاہور اور چند دیگر اضلاع کے حلقوں کا خصوصی ذکر کیا جو مسلم لیگ ن کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔
میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ”کارکردگی کی بنیاد پر تحریک انصاف کی پوزیشن 2013کی نسبت اس بار کہیں زیادہ کمزور تھی، اس کے باوجود اس کی جیت انتخابی عمل پر بہت سے سوالات اٹھا رہی ہے۔“واضح رہے کہ گزشتہ روز میاں نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں میاں شہباز شریف بھی شامل تھے۔ شہباز شریف سے ’ون آن ون‘ ملاقات میں میاں نواز شریف نے انتخابات کے بعد کی صورتحال پر گفتگو کی۔

SHARE