مسلم لڑکے کی زبردستی کٹوائی گئی داڑھی، منع کرنے پر سیلون والے کو بھی نہیں بخشا

گروگرام : (ملت ٹائمز) ہریانہ کے گروگرام میں ایک مسلم لڑکے کی کچھ شرپسند عناصر نے زبردستی سیلون لے جاکر داڑھی کٹوادی، ظفر الدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے میرے ساتھ بدسلوکی بھی کی ہے، ظفر الدین نے کہا کہ اسے پکڑ کر نائی کی دکان میں لے گئے، نائی داڑھی کے کاٹنے سے منع کیا تو شرپسندوں نے نائی کو بھی بری طرح زد و کوب کیا، اور مجھے کرسی سے باندھ کر نائی سے زبردستی داڑھی صاف کرایا، اس غیر متوقع حادثہ کا شکار لڑکا میوات کے بادلی گاؤں کا رہنے والا ہے اور وہ گروگرام منڈی سبزی لینے آیا تھا۔
ظفر الدین نے کہا کہ زبردستی کرنے والے نوجوانوں کو سمجھانے کی بھی کوشش کی کہ ہم مسلمان ہیں، ہم داڑھی نہیں کٹواتے ہیں، میرا مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا پھر بھی وہ لوگ باز نہیں آئے اور نہیں مانے، میرے ساتھ مار پیٹ کی اور داڑھی پر زبردستی قینچی چلا دی، مظلوم نوجوان نے گروگرام کے سیکٹر 37 تھانے میں شکایت درج کرائی ہے، جس کی بنیاد پر پولیس جانچ پڑتال اور حقائق جاننے کے لیے تفتیش کررہی ہے ۔
واضح رہے کہ گروگرام میں کچھ مہینے قبل نماز پڑھنے کو لے کر کافی ہنگامہ ہوا تھا، بعد میں انتظامیہ اور سماجی تنظیموں کی کوشش کے بعد دونوں کمیونٹی کے درمیان باہمی مفاہمت سے معاملہ کو سلجھایا گیا ۔