گذشتہ روز سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالاضحیٰ 21 اگست منگل کو منائی جائی گی۔
نئی دہلی اسلام آباد (ملت ٹائمز)
پاکستان میں ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحٰی 22 اگست بروز بدھ کو منائی جائے گی۔پاک میڈیا کے مطابق ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے جس کے بعد چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
دوسری طرف ہندوستان میں رمضان اور عید الفطر کے چاندمیں شدید اختلاف رونما ہونے کے بعد عیدقرباں کے چاند میں بھی ہندوستان کی رویت ہلال کمیٹیوں کا اختلاف سامنے آگیاہے۔شاہی جامع مسجد دہلی کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیاہے کہ آج 12 اگست کو چاند نظر نہیں آیاہے اس لئے یکم ذی الحجہ کی تاریخ 14 اگست کو ہوگی جبکہ 23 اگست کو عید قرباں منایاجائے گا وہیں دوسری طرف امارت شرعیہ پٹنہ۔جمعیة علمائ ہند ، جامع مسجد ممبئی ،چاند کمیٹی لکھنو وغیر ہ نے اعلان کیاہے کہ گجرات کے کچھ علاقوں میں چاند دیکھاگیاہے جس کی رویت پورے ہندوستان میں معتبر ہوگی لہذا 13اگست کو یکم ذی الحجہ ہے اور 22 اگست کو عید قرباں منا یاجائے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالاضحیٰ 21 اگست منگل کو منائی جائی گی۔