کیرالہ میں سیلاب کی تباہی ۔پاکستان کے نئے وزیر اعظم نے بھی ہندوستان کو مدد کی پیشکش کردی !

ہندوستانی حکومت نے ریاست کیرالا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں میں غیر ملکی تعاون کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کررکھاہے
اسلام آباد(ایم این این)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالا میں سیلاب کے بعد ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ’انسانی بنیادوں پر امداد‘ کی پشکش کی ہے۔ ڈی ڈبیلو کے مطابق پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کے روز ریاست کیرالا میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے لیے پاکستانی عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم خان نے ایک ٹوئیٹ میں ضرورت پڑنے پر ’انسانی بنیادوں پر امداد‘ کی پیشکش کی۔
واضح رہے کہ ریاست کیرالا میں آٹھ اگست سے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس کی زد میں آ کر 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ سیلاب نے بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچایا جب کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ دو سو ارب روپے لگایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر پاکستان کے معروف صحافی و تجزیہ نگار زاہد حسین نے پاکستانی وزیراعظم کی اس پیشکش کو ایک اچھا اقدام قرار دیا۔

یہ بھی واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت نے ریاست کیرالا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں میں غیر ملکی تعاون کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کررکھاہے۔ متحدہ عرب امارات نے ایک سو ملین جب کہ قطر نے پانچ ملین ڈالر امداد کی پیشکش کی تھی جسے مستردکردیاگیاہے۔

SHARE