غزہ کو دی جانے والی امداد پر امریکہ نے لگائی روک

واشنگٹن(ایم این این)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی امداد کو روکنے کا حکم جاری کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس سے ایک حکم نامہ جا ری ہوا ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی امداد روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ امدادی رقم امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی اور مد میں استعمال کی جائے گی لہذا اس امدادی رقم کو کہیں اور منتقل کردیا جائے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ امدادی رقم کس اکاونٹ میں منتقل کی جائے گی اور کہاں استعمال ہوگی۔ تاہم وزارتِ خارجہ کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ امدادی رقوم کو امریکی مفادات کے مطابق استعمال کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ امریکی صدر کسی بھی ڈیل میں سب سے پہلے امریکی مفادات کی تکمیل کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اسرائیل دوست رویہ اپنایا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کر کے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کیا ہے۔ اس سے قبل وہ فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی ساڑھے چھ کروڑ ڈالر کی امداد بھی روک چکے ہیں۔

SHARE