عمران خان کی پی ٹی آئی کو ملی ایک اور کامیابی ،عارف علوی پاکستان کے تیرہویں صدر منتخب

معروف مذہبی رہنما مولانا فضل الرحمٰن دوسرے اور اعتزاز احسن تیسرے نمبر پررہے

اسلام آباد (ایم این این )
پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوارعارف علوی پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ معروف مذہبی رہنما مولانا فضل الرحمٰن دوسرے اور اعتزاز احسن تیسرے نمبر پررہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے 13 ویں صدار تی انتخاب کے بعد نتائج سامنے آگئے ہیں۔
انتخاب میںپاکستان کی وفاقی پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں اراکین نے خفیہ رائے شماری کے تحت ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان بھی قومی اسمبلی پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔صدارتی الیکشن کےلئے 5پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ،قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ایک اور چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی پولنگ اسٹیشن قرار پائیں تھیں۔صدارتی انتخاب کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، عارف علوی 212 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔مولانا فضل الرحمان کو131ووٹ ملے ہیں، اعتزازاحسن 81 ووٹ حاصل کر سکے۔ قومی اسمبلی وسینیٹ میں424ووٹ کاسٹ اور6ووٹ مستردہوئے۔
صدارتی انتخاب کے بعد بلوچستان اسمبلی کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ بلوچستان اسمبلی سے تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کو 45 ووٹ ملے جبکہ فضل الرحمٰن کو 15 ووٹ ملے۔سندھ اسمبلی میں عارف علوی کو 56 اور اعتزاز احسن کو 100 ووٹ ملے۔ مولانا فضل الرحمٰن کو صرف ایک ووٹ ملا۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے 6 ارکان نے اعتزاز احسن کو ووٹ دیا۔خیبر پختونخواہ اسمبلی کے نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا۔ خیبر پختونخواہ سے عارف علوی کو 78 اور مولانا فضل الرحمٰن کو 34 ووٹ ملے۔
پنجاب اسمبلی کے نتائج بھی سامنے آگئے۔ عارف علوی کو پنجاب اسمبلی سے 186ووٹ ملے ، مولانا فضل الرحمان کو 141، جب کہ اعتزاز احسن کو 6 ووٹ ملے، 18ووٹ مسترد ہوئے۔

SHARE