ہندوستانی روپیہ کی تنزلی دور لگاتار جاری ہے اور جمعرات کو ایک ڈالر کی قیمت 72 روپے کے پار پہنچ گئی۔
ہندوستانی کرنسی کی ڈالر کے مقابلہ تنزلی کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ جمعرات کا آغاز بہتر کرنے کے بعد روپیہ نے پھر سے گرنا شروع کر دیا اور تنزلی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ڈالر کی آج کی قیمت 72.12 روپے پہنچ گئی ہے۔ ڈالر کے مقابلہ آج روپیہ 37 پیسے کمزور ہوا ہے۔
جمعرات کو روپیہ نے قدر بہتر شروعات کی تھی۔ ڈالر کے مقابلہ روپیہ 13 پیسہ مضبوط ہوا لیکن یہ خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی۔ اس سے قبل بدھ کو روپیہ میں ڈالر کے مقابلہ بھاری گراوٹ درج کی گئی تھی۔ ایک ڈالر کے مقابلہ روپے 71.75 کی سطح تک گرنے کے بعد بند ہوا تھا۔
بدھ کے روز روپیہ 71.96 کی سطح تک گرا تھا اور کل تک یہ سطح بھی ریکارڈ تھی۔ گزشتہ 6 روز سے روپیہ میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلہ میں حزب اختلاف کی جماعتیں مودی حکومت پر نشانہ لگا رہی ہیں۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے گزشتہ روز چہار سو سے ہو رہی حکومت کی تنقید کا جوان دیا۔ انہوں نے کہا کہ روپیہ کی گراوٹ بین الاقوامی بازار کی وجہ سے ہے اور اس کے لئے گھریلو حالات ذمہ دار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلہ ضرور گر رہا ہے لیکن دوسری کرنسیوں مثلاً پاؤنڈ اور یورو کے مقابلہ مضبوط ہو رہا ہے۔
( بشکریہ قومی آواز )






