پاکستان کی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک ،مولانا طارق جمیل نے پڑھائی نمازہ جنازہ

جاتی امرا میں سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان بیگم کلثوم نواز کا آخری دیدار لوگوں کو کرایا گیا۔ یہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے ان کا آخری دیدار کیا
لاہور(ایم این این )
ہزاروں نمناک آنکھوں کے درمیان کلثوم نواز شریف کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاکستان کی سابق خاتون اوّل کی نماز جنازہ معروف عالم دین طارق جمیل نے پڑھائی اور اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کے شوہر میاں نواز شریف، ان کے دیور شہباز شریف سمیت ان کے ہزاروں چاہنے والے موجود تھے۔ نماز جنازہ کے بعد بیگم کلثوم کی مغفرت کے لیے مولانا طارق جمیل نے دعاءبھی کرائی اور اس کے بعد انھیں سپرد خاک کرنے کے لیے آخری آرام گاہ یعنی قبر کی طرف لے جایا گیا۔ کلثوم نواز کی تدفین میاں محمد نواز کے بغل میں کی گئی ہے۔
نماز جناہ کے وقت لوگوں کی بھیڑ اس قدر زیادہ تھی کہ ایک ہنگامہ کی حالت پیدا ہو گئی۔ دراصل نمازِ جنازہ کے لیے دو طرح کے انتظامات تھے۔ ایک جگہ اہم شخصیات اور کلثوم نواز کے قریبی رشتہ داروں کے لیے مختص تھی اور دوسری جگہ دیگر لوگوں کے لیے تھی لیکن کئی بار ایسا ہوا جب اہم شخصیات وی آئی پی مقام کی طرف بڑھے تو ان کے ساتھ درجنوں کارکنان بھی اس طرف بھاگے جس کی وجہ سے ایک افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور بدنظمی دیکھنے کو ملی۔ نمازِ جنازہ میں حکومتی وفد نے بھی شمولیت کی اور پیپلز پارٹی و ایم کیو ایم کا وفد بھی اس میں شامل ہوا۔

اس سے قبل جاتی امرا میں سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان بیگم کلثوم نواز کا آخری دیدار لوگوں کو کرایا گیا۔ یہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے ان کا آخری دیدار کیا۔ اس کے بعد نمازِ جنازہ کے لیے جسد خاکی کو شریف میڈیکل سٹی لے جایا گیا۔

SHARE