نئی دہلی (ایم این این )
ایشیا کپ کا آغاز آج ہو رہا ہے۔ اس سے قبل کرکٹ کے اس عظیم ایونٹ کی ماقبل شام اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں کی ایک ساتھ پریس کانفرنس ہوئی۔ تمام کپتان ایک ساتھ بیٹھے تھے اور انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیا۔ اس دوران روہت شرما پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کے قریب بیٹھے تھے۔کپتانوں کے بیٹھنے کا نظم کچھ اس طرح تھا کہ سرفراز کے بازو میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرف مرتضیٰ بیٹھے تھے اور روہت شرما کے بغل میں سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھوز بیٹے تھے۔
ہانگ کانگ کے کپتان کا پریس کانفرنس کے لئے تھوڑی دیر انتظار کرنا پڑا۔ اس درمیان میں سرفراز اور روہت شرما آپس میں بات کرنے لگے۔ کچھ صحافیوں کا بھی آنا باقی تھا۔ کچھ دوسرے انتظامات ہو رہے تھے تو پریس کانفرنس کے آغاز کے ٹھیک پہلے کپتان آپس میں بات کر رہے تھے۔
سرفراز اچانک روہت شرما کی کسی بات پر ہنس دئیے۔ روہت بھی مسکرا رہے تھے۔ اس درمیان سرفراز نے مشرف مرتضیٰ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روہت سے کہا کہ ان کے لڑکے انہیں ادھر ادھر جا کر بہت پریشان کرتے ہیں اور کہیں بھی کچھ ان کے لڑکوں کے ساتھ ہو جاتا ہے۔
اس پر روہت نے مرتضیٰ کی طرف دیکھ کر کہا کہ آپ اپنے لڑکوں کو کنٹرول میں رکھا کرو۔ غلطی کہیں بھی کسی سے ہو سکتی ہے۔ اس پر مرتضیٰ نے کہا کہ کیا کریں سبھی ادھر ادھر جاتے رہتے ہیں۔ اس بات پر سرفراز کھلکھلا کر ہنس دئیے۔
پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل کپتانوں کے بیچ ہلکی پھلکی بات چیت ہوئی اور سرفراز، روہت اور مشرف کھلکھلاتے ہوئے ہنستے نظر آئے۔ اس دوران روہت نے سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز سے بھی کچھ باتیں کیں۔یہ سبھی کپتان اس بات سے بے پروا تھے کہ سامنے مائیک لگے ہیں اور ان کی آواز سبھی کو سنائی دے رہی ہے۔ اس پریس کانفرنس کا پورا ویڈیو این آئی اے نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شئیر کیا ہے جہاں یہ ہلکے پھلکے موومینٹ دیکھے جا سکتے ہیں۔