ہندوستان میں ایک ساتھ تین طلاق دینا جرم۔ مرکزی کابینہ نے پاس کیا آرڈیننس
نئی دہلی: مسلم خواتین کو تین طلاق سے مبینہ آزادی دلانے کے لئے مودی حکومت نے آج تین طلاق پر مبنی آرڈیننس کو منظور کر لیا ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی کی صدارت میں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس آرڈیننس کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ اس پر صدر جمہوریہ کے دستخط ہوتے ہی یہ قانون کی شکل لے لے گا۔
تین طلاق سے متعلق بل لوک سبھا میں نافذ ہوچکاہے لیکن راجیہ سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں کی مخالفت کی وجہ سے یہ اٹک گیا تھا۔ قانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد بتایا کہ ’’تین طلاق پر گزشتہ سال کے سپریم کورٹ کےفیصلے کے بعد بھی مسلسل اس کے معاملے سامنے آرہےتھے۔مسلم خواتین کو انصاف دلانے اور ان کی صنفی مساوات برقراررکھنے کےلئے اس طرح کا قانون بے حد ضروری ہوگیا تھا۔ اس لئے ،حکومت راجیہ سبھا میں بل پاس ہونے کا انتظار کئے بغیر اس پر آرڈیننس لے کر آئی ہے۔‘‘
آرڈیننس لانے کے بعد کانگریس نے اسے مودی حکومت کی سیاست قرار دیا ہے۔ کانگریس کے رہنما رندیپ سرجے والا نے کہا، ’’مودی حکومت مسلم خواتین کو انصاف دلانے کے لئے تین طلاق کو ایشو نہیں بنا رہی بلکہ وہ اسے سیاسی ایشو بنا رہی ہے۔‘‘
اب آگے کیا ہوگا؟
کوئی بھی قانون بنانے کے دو طریقہ ہوتے ہیں، یا تو اسے بل کے ذریعہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور کرایا جائے یا پھر آرڈیننس لایا جائے۔ آرڈیننس پر صدر کی مہر لگتے ہی قانون بن جاتا ہے۔ لیکن حکومت کے سامنے مشکل یہ ہے کہ آرڈیننس محض 6 مہینے تک ہی موزوں ہوتا ہے اور اس درمیان اسے پارلیمنٹ سے منظور کرانا لازمی ہے۔ حکومت کو اس بل پھر راجیہ سبھا میں پیش کرنا ہوگا جہاں سے پہلے بھی وہ اسے منظور نہیں کرا پائی تھی۔
قبل ازیں لاکھ کوششوں کو بعد بھی مودی حکومت اس بل کو راجیہ سبھا سے منظور نہیں کرا پائی تھی۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پیش کرنے سے قبل کابینہ نے طلاق ثلاثہ سے متعلق مسلم خواتین (تحفظ حقوق ازدواج) بل 2017 میں تین ترامیم کی تھیں:
* مجسٹریٹ چاہے تو ملزم شوہر کو ضمانت دے سکتا ہے۔ حالانکہ جرم کو اب بھی غیر ضمانتی ہی قرار دیا گیا ہے۔
* ایف آئی آر درج کرانے کا حق متاثرہ بیوی، اس سے خون کا رشتہ رکھنے والے اور شادی کے بعد بنے رشتہ داروں کو ہی ہوگا۔
* مجسٹریٹ مناسب شرطوں پر شوہر۔ بیوی کے مابین سمجھوتہ کراسکتا ہے۔
واضح رہے کہ بنیادی بل میں ایک ہی نشست میں تین طلاق دینے کو غیر ضمانتی جرم قرار دیا گیا تھا اور اس میں سمجھوتہ کی کوئی شق موجود نہیں تھی۔