دنیا میں دو عظیم لیڈر ہیں، عمران خان ۔طیب ایردوان: بشریٰ بی بی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتونِ اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس ملک کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے۔
اسلام آباد (ایم این این )
پاکستانی چینل ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ ان کے شوہر انتہائی سادگی پسند انسان ہیں۔ ان کے پاس بہت محدود کپڑے ہیں اور وہ دنیاوی خواہشات نہیں رکھتے۔
پاکستان کی خاتون اوّل نے کہا کہ یہ بات بالکل غلط ہے کہ ان کو خواب میں پیغمبرِ اسلام کی جانب سے کہا گیا کہ وہ عمران خان سے شادی کریں۔ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ بی بی نے کہا کہ شادی کے وقت ان کے بارے میں ایسی بھی غلط افواہیں پھیلائی گئیں کہ انہوں نے اپنے سابق شوہر سے طلاق کے بعد اسلامی احکامات کے مطابق عدّت کا وقت پورا نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خاتونِ اول بننے کے بعد انہوں نے اولڈ ہومز اور یتیم خانوں کا دورہ کیا۔ یہ تجربہ ان کے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔ خاتون اوّل نے بتایا کہ انہوں نے معذور ، بزرگ اور تنہا افراد کو دیکھا۔ ان میں سے کچھ افراد کے چہرے ان کے ذہن میں نقش ہو گئے ہیں اور اب وہ ان مراکز میں رہائش پذیر افراد کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے اپنے کوششیں جاری رکھیں گی۔
پروگرام کے میزبان ندیم ملک کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بشری بی بی نے کہا،” عمران خان ایک سیاست دان نہیں ہیں بلکہ وہ ایک لیڈر ہیں۔“ بشریٰ خان نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ موجودہ دور میں دنیا میں دو عظیم لیڈر ہیں ایک عمران خان اور ایک ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن۔

اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر بہت دلچسپ درعمل سامنے آیا۔ مہر تارڑ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،” وہ غریبوں، یتیموں، معذوروں، بزرگوں اور خواتین کے حقوق کا خیال کرتی ہیں۔ انہیں عمران خان کے کتے ’موٹو‘ کی بھی فکر ہے۔ اپنی عبادات کا ذکر نہیں کرنا چاہتیں۔ یہ با پردہ خاتون آج کے دور کی خاتون ہیں۔“
صحافی مہر بخاری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،” بشریٰ بی بی بالکل ریحام خان کی طرح عمران خان کی تعریف کر رہی تھیں کہ وہ سادہ انسان ہیں، لیڈر ہیں سیاستدان نہیں۔ شاید یہ سب کچھ سچ ہی ہو۔“
غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب نے اپنے ٹویٹ میں لکھا،” بظاہر بشریٰ بی بی اس ٹی وی انٹرویو میں نیک نیت اور بہت صاف گو ثابت ہوئی ہیں۔ پردے سے متعلق ان کے خیالات بہت واضح ہیں۔“
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین میں سے کچھ نے خاتونِ اوّل کے انٹرویو کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ کالم نویس شنیلہ سکندر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،” بشریٰ بی بی نے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ہیں۔“ٹوئٹر کی سرگرم صارفہ مہوش اعجاز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،” وہ لوگ جو بشریٰ بی بی کی تعریف کر رہے ہیں یہ مت بھولیں کہ وہ ایردوآن کو پسند کرتی ہیں، جو کہ ایک ریڈ لائن ہے۔“

SHARE