زندگی کے ہر محاذ پر محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہماری رہنمائی کی ، کامیابی کیلئے تعلیمات نبوی کو اپنانا ضروری : مولانا توقیر احمد قاسمی 




جموں: (ملت ٹائمز) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی عالم انسانیت اور مت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے ۔ کامیاب ترین زندگی گزارنے ، معاشرہ کو بہتر بنانے اورانسانیت کو فلاح و بہبود کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے محمد عربی صلی ا للہ علیہ وسلم سے بہتر کوئی بھی شخصیت تاریخ میں پیدا نہیں ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مولانا توقیر احمد قاسمی صدر شعبہ انگریزی دارالعلوم دیوبند نے گزشتہ دنوں جموں وکشمیر میں سیرت رسول پر منعقدہ ایک جلسے میں کیا ۔

جموں کی مرکزی جامع مسجد تالاب کھٹیکا کے زیر اہتمام گذشتہ دنوں پیام سیرت النبی کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا توقیر احمد قاسمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور متعدد نشستوں میں سیرت رسول پر خطاب کیا ۔اپنے خطاب میں مولانا قاسمی نے بتایاکہ علماء دیوبند سچے عاشق رسول تھے ۔دارالعلو م دیوبند کے بانی مولانا محمد قاسم ناناتوی مدینہ جانے کے بعد ننگے پاؤں رہتے تھے ، جب پوچھاگیا تو آپ یہاں چپل کیوں نہیں پہنتے ہیں تو انہوں نے بتایاکہ اس سرزمین پر میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا گزر ہواہے اس لئے یہاں چپل پہننا ادب کے خلاف ہے ۔ شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ نے بارہ سالوں تک مسجد نبوی میں حدیث کا درس دینے کے بعد دارالعلوم دیوبند میں آئے تو یہاں آپ نے کیکر کا درخت لگایا اور بتایاکہ بیعت رضوان کے وقت آپ اسی درخت کے سایے میں بیٹھے تھے ۔

سنت رسول اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے علماء دیوبند کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا توقیر احمد قاسمی نے مزیدکہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کے بعد ہی کامیابی ممکن ہے ۔ سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنانے والے والے اور اسوۂ رسول کے مطابق زندگی گزارنے والے لائق صد مبارکباد ہیں کیوں کہ یہی زندگی کا اصل مقصد ہے اور مطلوب عمل ہے ۔ عشق رسول کا اصل مطلب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا ، ان کے بتائے ہوئے راست پر چلنا اور قرآن و حدیث کے مطابق زندگی گزارنا ہے ۔

مولانا توقیر احمد قاسمی نے یہ بھی بتایاکہ آج کی پریشان حال دنیا ، مسلمانوں کے زوال ، انسانیت کی تباہی، قوموں کی بربادی ، معاشی تنگی ، قحط سالی ، نفرت ،تعصب عداوت اور بھائی چارگی کے فقدان کی واحد وجہ تعلیمات نبوی سے دوری اور پیام سیرت سے محرومی ہے ۔ آج کے مسلمانوں کی پریشانی اور تباہی کی بنیادی وجہ سنت رسول اور اسوۂ حسنہ پرعمل نہ کرنا ہے ۔ مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا نبی اور سول ماننے کے ساتھ زندگی کے ہر عمل اور ہر قدم پر انہیں اپنا رہنما مانے ۔ یہ امیتاز صرف ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل ہے کہ انہوں نے زندگی کے ہر محاذ پر کماحقہ اپنی امت اور قوم کی رہنما کی ہے ۔ مولانا توقیر احمد قاسمی کی رقت آمیز دعاء پر پیام سیرت النبی اجلاس کا اختتام ہوا ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر بڑی تعداد میں عوام موجود تھے ۔ انتظامیہ نے خواتین کا بھی انتظام کر رکھا تھا جہاں بڑی تعداد میں مستورات نے مولانا توقیر احمد قاسمی کے خطابات سے استفادہ کیا ۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *