باہم مربوط ہوکر مشورہ سے کام کریں : اجتماعات کا یہی مقصد ہے : قاری سید محمد عثمان منصورپوری

پٹنہ ۔ مدارس اسلامیہ عربیہ بہارکے داخلی ،خارجی مسائل و مشکلات کا ازالہ اور غوروفکرکے ذریعہ مناسب حل نکالنے کے لئے گزشتہ 29 نومبر 2018 کو جناب مولانا محمد قاسم صاحب صدررابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہارکی صدارت میں جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ میں ، رابطہ مدار س اسلامیہ بہارکی مجلس عمومی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے دارالعلوم دیوبندکے سینئر استاذ جناب مولانا قاری سید محمدعثمان صاحب منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند، اور مشاہدونگراں کی حیثیت سے جناب مولاناشوکت علی صاحب قاسمی،بستوی شریک ہوئے،محمداعمش جہاں آبادی نے قرآ ن کریم کی تلاوت کی ، محمد تنظیم عالم کٹیہاری نے نعت نبی پیش کیا ۔
رابطہ مدار س اسلامیہ بہار کے جنرل سکریٹری جناب مولانامرغوب الرحمن صاحب قاسمی نے سابقہ کاروائی کی خواندگی کی ، حاضرین نے جس کی تائید فرمائی،رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کی ضلعی شاخوں کے استحکام،سالانہ امتحان کی منصوبہ بندی،اور اس کے طریقہ کارکے ساتھ تحفظ ختم نبوت،فتنہ شکیلیت،اصلاح معاشرہ کی تحریک کو متحرک بنانے ۔
مکاتب دینیہ کے قیام اور دیگر امور پر اہم تجاویز پیش کی گئیں،مجلس عمومی نے منظوری دیتے ہوئے اس کی تائیدفرمائی،کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے ناظم اور دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ جناب مولاناشوکت علی صاحب قاسمی بستوی نے رابطہ مدارس اسلامیہ کے حوالہ سے اہم خطاب فرمایا ۔
انہوں نے اجتماعی امتحان اور اس کے طریقہ کارپر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے اس کی افادیت کی طرف بھی توجہ دلائی،انہوں نے کہا:تعلیم کی بہتری جتناااجتماعی امتحان سے ہوسکتاہے کسی اور سے نہیں،اس سے مسابقت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیداہوگا،انہوں نے ارباب مدارس کو توجہ دلائی کہ وہ مدارس ومکاتب میں شفافیت لائیں،اس کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل کریں،اور سرکاری رجسٹریشن کو انہوں نے ضروری قراردیا ۔
انہوں نے کہا:ایک ایک پیسے کااندراج ہوناچاہئے،تاکہ کسی طرح کی دشواری کاسامنانہ ہو،دارالعلوم دیوبندسے مربوط ہونے کے شرائط کوبتلاتے ہوئے انہوں نے کہا: اس کامعیار یہ ہے کہ عقائد اہل سنت والجماعت کے پابندہوں،درجات عربی یاکم ازکم حفظ مع تجویدکی تعلیم ہوتی ہو،اور مطبخ میں کم از کم 25؍بیرونی طلبہ ہوں ۔
انہوں نے کہا:رابطہ مدارس کایہ نظام خیرکاذریعہ ہے،اور اس کو مضبوط کرناہم سب کی ذمہ داری ہے۔دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث اور جمعیۃ علماء ہندکے صدرمحترم جناب مولاناقاری سیدمحمدعثمان صاحب منصورپوری نے اربابِ مدارس کو ان کے کاموں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا:تعلیم،تربیت، اسلام کادفاع ہماراکام ہے،ان تینو ں امورکی طرف توجہ دینی ہوگی ۔
انہوں نے کہا:ضابطہ کے اعتبارسے آپ سب مہتمم ہیں،ناظم ہیں،لیکن سب دین کے خادم ہیں،انہوں نے فرمایا:آپ سب علماء کرام ہیں،یعنی انبیاء کرام کے وارث ہیں،اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جس طرح صحابہ کرام کو سمجھایا،بتایا،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کو سمجھائیں،اور بتائیں،اس لئے کہ ہم سب انبیاء کے وارث ہیں، اللہ کے رسول نے جس طرح صحابہ کرام کو سمجھایا ، بتایا ہماری بھی ذمہ داری ہے اس لئے کہ ہم سب وارث ہیں ۔
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کے اجتماع اور اس کے مقاصد کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا: باہم مربوط ہوکر مشورہ سے کام کریں، یہی تو اجتماعات کا مقصد ہے ، جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم نے تحفظ ختم نبوت اور فتنہ شکیلیت کی طرف بھی توجہ دلائی، اور اس پر تفصیل سے روشنی ڈالی، انہوں نے کہا: ہمیں اس طرف دھیان دینا ہوگا، اس لئے کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں جو اب دینا ہوگا۔
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار کے صدر محترم جناب مولانا محمد قاسم صاحب نے اپنے خطاب میں تعلیم وتربیت کو بہتر سے بہتر بنانے کی طرف توجہ دلائی ، جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے ناظم جناب مولانا محمد ناظم صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اور ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کئی اہم امور کی طرف توجہ دلائی، کثیر تعداد میں رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دا رالعلوم دیوبند سے مربوط مدارس اسلامیہ کے نمائندگان شریک ہوئے ۔
واضح رہے کہ اس موقع جامعہ مدنیہ سبل پورپٹنہ کے شعبہ دینیات کے لئے ایک مسجد کاسنگ بنیادبھی جامعہ مدنیہ سبل پورپٹنہ کے بانی جناب مولانامحمدقاسم صاحب ،جناب مولاناقاری سیدمحمدعثمان صاحب منصورپوری کے ہاتھوں رکھوائی،جس میں شہرکے معززشخصیات بھی شریک تھیں۔
جناب مفتی خالد انور پورنوی المظاہری نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ،جناب مولاناقاری سیدمحمدعثمان صاحب منصورپوری کی دعاء پر اجلاس اختتام کو پہنچا۔

 

SHARE