نوجوان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فوج نے علی الصبح چیک پوسٹ پر نشانہ بنایا تھا۔
غزہ(ایم این این )
فلسطین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی نوجوان عمر حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے مغربی کنارے کے علاقے ہیبرون میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 27 سالہ عمر حسن نے مقامی اسپتال میں دم توڑ دیا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے نوجوان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زخمی نوجوان کوآج اسپتال لایا گیا تھا، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے عمر کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی تھی۔ نوجوان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فوج نے علی الصبح چیک پوسٹ پر نشانہ بنایا تھا۔
قبل ازیں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے متعدد یہودی آبادکار زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد اسرائیلی فوج نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تھا اور چیک پوسٹ پر سیکیورٹی سخت کردی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹ پر تلاشی لینے کے لیے نوجوان کو رکنے کا اشارہ کیا تھا تاہم نوجوان نے گاڑی کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ جس پر نوجوان کی گاڑی کو نشانہ بنانا پڑا۔فلسطینی عوام نے اسرائیلی فوج کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے نوجوان کی میت کے ہمراہ سرحد کنارے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔