شیلا دیکشت حال ہی میں استعفی دے چکے اجے ماکن کی جگہ لیں گی۔ ماکن نے ایک ٹوئٹ میں انہیں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ”شیلا دکشت کو دوبارہ ریاستی کانگریس صدر بننے پربہت بہت مبارک باد
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
دہلی میں لگاتار 15 سالوں تک وزیر اعلی کے عہدے پر فائز رہنے والی شیلا دیکشت کو دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی انچارچ پی سی چاکو نے بتایا کہ شیلا دیکشت کے ساتھ ریاست کے سابق وزیر ہارون یوسف، راجیش لیلوٹھیا اور دویندر یادو کو دہلی یونٹ کا ایکزی کیٹیو صدر بنایا گیا ہے۔
شیلا دیکشت حال ہی میں استعفی دے چکے اجے ماکن کی جگہ لیں گی۔ ماکن نے ایک ٹوئٹ میں انہیں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ”شیلا دکشت کو دوبارہ ریاستی کانگریس صدر بننے پربہت بہت مبارک باد‘۔ ان کے میعاد کار میں مجھے اسمبلی سکریٹری اور کابینی وزیر کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ مجھے یقین ہے کہ شیلا جی کی قیادت میں ہم مودی حکومت اور کیجری وال حکومت کے خلاف مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔
ماکن کو سال 2015 میں دہلی ریاست کا صدر بنایا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں صحت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ دریں اثنا بہار کے سابق ریاستی وزیر شمائل نبی نے بھی شیلادیکشت کو دہلی پردیش کانگریس صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ 4 جنوری کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں 4 جنوری کی صبح ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ”2015 میں اسمبلی انتخابات کے بعد بطور دہلی کانگریس صدر گزشتہ چار سالوں سے کانگریس کارکنان، کانگریس کور کرنے والے صحافیوں اور ہمارے لیڈر راہل جی کے ذریعہ مجھے بے پناہ پیار اور تعاون ملا ہے۔ ان مشکل حالات میں یہ آسان نہیں تھا۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔“






