اسحاق انگلش میڈیم اسکول میں تقریری مقابلہ وکوئز کمپٹیشن کا اختتام

(مدھوبنی) پریس ریلیز ) اسحاق انگلش میڈیم اسکول ڈارہ میں علاقے کے اسکول و مدارس کے طلبہ و طالبات کے درمیان کوئز و تقریری مقابلے منعقد کئے گئے۔

تقریری مقابلے میں 10 اسکول و مدارس کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس مقابلے میں مدرسہ اصلاح المومنین کے طالب علم محمد جاسر نے پہلی پوزیشن،  مدرسہ فلاح المسلمین مدھوبنی کےطالب علم محمد آفتاب نے دوسری پوزیشن  جبکہ تیسری پوزیشن مدرسہ اسلامیہ گنیش پور ،سوپول کے 11 سالہ طالب علم عبدالرحیم نے حاصل کی۔ مدرسہ فلاح المسلمین، مدھوبنی نے فاتح ادارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ جبکہ اسحاق انگلش میڈیم اسکول کی ایک طالبہ نصرین بنت قمرالہدیٰ نے بھی اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کی اور وہ چوتھی پوزیشن پر رہی۔

کوئز کمپٹیشن میں 11 اداروں نے حصہ لیا۔ اردو مڈل اسکول ڈارہ، مدھوبنی اور مدرسہ اسلامیہ گنیش پور،  سوپول فائنل میں پہنچے جہاں مدرسہ اسلامیہ، گنیش پور نے جیت حاصل کی ۔ مدرسہ اسلامیہ گنیش پور کو وینر انسٹیوٹ (فاتح ادارہ ) کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔

پروگرام کی صدارت کررہے معروف عالم دین مفتی ہاشم قاسمی نے پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے یہ کہا کہ طلباء کے درمیان اس طرح کے مقابلے سے ان کے اندر زیادہ سے محنت کر نے کی لگن پیدا ہوتی ہے نیز انہوں نے اسحاق انگلش میڈیم اسکول کی کوشش کو علمی میدان میں ایک نئی پہل قرار دیتے ہوئے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ آپ اپنے بچوں کو اس طرح کے ادارے میں داخل کرکے ان کی زندگی کو سنواریں۔

پروگرام میں حکم کی ذمہ داری مولانا ابوبکر قاسمی، ڈارہ، ماسٹر محمد وکیل، سراج پور اور مفتی امداد اللہ قاسمی، مدھوبنی نے انجام دی ۔

پروگرام کے مہمان خصوصی عاطف عارفی، ڈائریکٹر اسپوکن ورلڈ دربھنگہ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ زبان و بیان کی دنیا میں بڑی اہمیت ہے اس لئے طلبہ کو اس میدان میں بھی محنت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس  پسماندہ گاؤں میں اس طرح کا اسکول اور اتنے ذی علم لوگ یقیناً یہاں کے لوگوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے اس لئے لوگ اس کی قدر کریں اور اپنے بچوں کو یہاں تعلیم دلوانے میں پیچھے نہ رہیں۔

اسحاق انگلش میڈیم اسکول کے چیرمین مفتی جسیم الدین قاسمی نے کہا کہ ایک والد اپنے بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت سے بہتر تحفہ نہیں دے سکتا، بچوں کی تعلیم پر خرچ کرنا اس کے بہتر زندگی کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرنا ہے، جس کا فائدہ ان کو بھی اور ان کے بچوں کو بھی مستقبل میں ملنے والا ہے۔انہوں نے تمام مہمانان کرام شکریہ ادا کیا۔

اسحاق انگلش میڈیم اسکول کے پرنسپل محمد توقیر احمد نے کہا کہ پروگرام کا مقصد بچوں میں علم کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا ہے، انشاء اللہ ہر سال ہم یہ پروگرام کریں گے اور اس کے معیار کو بہتر سے بہتر بنائیں گے ۔

علاقے کے لوگوں کا ملا جلا رد عمل رہا مجموعی طور پر لوگوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کا پروگرام اس علاقے میں پہلی بار ہوا ہے، اتنا منظم اور پروفیشنل انداز میں پروگرام ہوا کہ اس سے دوسرے اداروں کے لوگوں کو بہت کچھ سیکھنے کوملا ہے ۔ جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ نا انصافی ہوئی، مقابلے میں شریک ہونے والے طلبہ کے لئے عمر کی قید ہونی چاہئے اگرچہ کوئز کمپٹیشن میں فائنل میں سبھی چھوٹے طلبہ ہی پہنچے ۔

پروگرام میں مفتی انظار مدھے پور، مولانا شکیل قاسمی، مولانا طفیل ندوی، مولانا ولی اللہ قاسمی ، مولانا منظر، محمد عزیر وغیرہ نے بھی اسٹیج کو رونق بخشی۔

اسحاق انگلش میڈیم اسکول کے ہیڈ ماسٹر قیصر الاسلام، سینئر ٹیچر عبد الرحمٰن، نائب پرنسپل ماسٹر رضوان، شعبہ اسلامیات کے ہیڈ حافظ اجتبیٰ حسین اور وارڈن محمد قمر الدین نے دن رات محنت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔

پروگرام کا اختتام صدر محترم کی دعاء پر ہوا ۔