جئے پور: سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے کہا کہ مسلم برادری کو درپیش عصر حاضر کے چیلنجس سے نمٹنے کے لئے آج اجتہاد کی ضرورت ہے ۔ اجتہاد ایک اسلامی اصطلاح ہے جو اہم مسائل میں عصری حاضر کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کسی فیصلے سے متعلق ہے ۔ سلمان خورشید جئے پور میں لٹریری فیسٹول میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عصری اور موجودہ دور کے سماج میں آج اجتہاد پر غور کرنے کی شدید ضرورت ہے تاکہ اسلامی اصولوں کو عصری چیلنجس سے نمٹنے کے قابل بنایا جائے ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی نمائندگی کون کرتے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اصل مسئلہ اجتہاد کرنے والوں اور ان کی اجتہادی رائے کو قبول کرنے کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلم پرسنل لا بورڈ ہے ۔ اس کو کئی لوگ مانتے ہیں اور کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو اسے نہیں مانتے ۔ اسی طرح ملک میں سپریم کورٹ بھی ہے لیکن کئی لوگوں کا سوال ہے کہ آیا سپریم کورٹ مذہب اسلام کے بنیادی اصولوں سے نمٹنے کے موقف میں ہیں ؟ ۔ انہوں نے مسلم برادری سے خواہش کی کہ وہ اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔ ہندوستان میں اسلام کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ ہندوستان میں جو اسلام ہے وہ مغرب ایشیا سے مختلف ہے۔ انہوں نے یہ دعوی کیا کہ ہندوستان میں جو اسلام ہے، وہ اس ملک کے دوسرے مذاہب سے بھی متاثر ہے ۔ ہندوستان کے مسلم وہابیت سے دنیا کو کسی خطرہ کے امکان کو بھی انہوں نے مسترد کردیا ۔