پٹری سے اترگئی سیمانچل ایکسپریس، 7 لوگوں کی موت، درجنوں زخمی، نتیش کمار کا اظہار افسوس، مرنے والوں کو چار لاکھ، زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان

بہار میں سیمانچل ایکسپریس پٹری سے اترگئی، جس سے بڑا حادثہ ہوگیا۔

بہار کے حاجی پور میں بڑا ریل حادثہ ہوا ہے۔ اتوار کو علی الصبح ہوئے اس ریل حادثے میں جوگبنی سے نئی دہلی جارہی آنند وہار – رادھیکا پور سیمانچل ایکسپریس کی 9 ڈبے پٹری سے اتر گئیں۔ خبر لکھے جانے تک اس حادثے میں سات لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ کئی مسافر زخمی ہیں۔

اس حادثہ پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والے کو 4 لاکھ اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ساتھ ہی انتظامیہ سے تمام طرح کی تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ موقع پر راحت اور بچاوُ ٹیم کے اہلکار پہنچ چکے ہیں اور وہ راحت اور بچاوُ کے کاموں میں مصروف ہیں۔

یہ حادثہ حاجی پور – بچھواڑا ریل کھنڈ کے مہنار اور سہدیئی بزرگ اسٹیشن کے درمیان ہوا، جب تیز رفتار سے جارہی ٹرین کے 9 ڈبے اچانک پٹری سے اترگئے۔ ایسٹ سینٹرل ریلوے کے ترجمان راجیش کمار نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک جنرل کوچ، ایک اے سی کوچ بی – 3 اورتین سلیپر کوچ ایس – 8، ایس – 9 اور ایس – 10 کے علاوہ چار دیگر ڈبے پٹری سے اترگئیں۔

وزیرریل پیوش گوئل نے اس حادثے کے بعد ٹوئٹ کرکے ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں۔ یہ نمبرہیں ۔

سونپور – 06158221645

حاجی پور – 06224272230

برونی- 06279232222

حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، کیونکہ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ ٹرین کے کئی ڈبے ایک دوسرے کے اوپر چڑھ گئے ہیں۔ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی سونپوراوربرونی سے ڈاکٹروں کی ٹیم کو جائے واردات پرروانہ کردیا گیا ہے۔ سونپور ریل منڈل سے افسران کی ٹیم بھی موقع پرروانہ ہوگئی ہے۔ اندھیرے کی وجہ سے راحت اور بچاوُ کام میں رکاوٹ آرہی ہے۔

اس حادثے کے بعد اس روٹ پرسبھی پیسنجر ٹرینوں کا آنا جانا منسوخ کردیا گیا ہے۔ وہیں میل اور ایکسپریس ٹرین پٹنہ – موکاما – برونی جنکشن کے راستے کو منتقل کیا گیا ہے۔