اقوام متحدہ کا انکوائری کمیشن جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق جون میں رپورٹ پیش کرے گا۔
نیویارک: اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کے اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات روکنے کی کوشش کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کے اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات روکنے کی کوشش کی، ترکی کو 2 ہفتے تک استنبول میں سعودی سفارت خانے تک رسائی نہیں دی گئی تاہم انکوائری کمیشن جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق جون میں رپورٹ پیش کرے گا۔
جمال خاشقجی سعودی نژاد صحافی تھے اور واشنگٹن پوسٹ کے لیے کالم لکھتے تھے۔ انہیں شاہی خاندان اور سعودی فرماں روا کے سخت ناقد کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گزشتہ سال صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو ضروری کاغذات کے لیے استنبول کے سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھر لاپتہ ہوگئے تھے تاہم عالمی دباؤ کے بعد سعودی عرب نے جمال خاشقجی کی استنبول کے سعودی قونصل خانے میں موت کی تصدیق کی تھی۔