جلپائی گوڑی میں وزیر اعظم مودی کی تقریر کی سخت تنقید کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ مودی انتخابی موسم میں ’چائے والا‘ بن جاتے ہیں اور بعد میں رافیل والا۔ ‘‘
کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے چائے والے بیان پر تنقید کرتے ہوئے ان پر سخت حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی انتخابات نزیک دیکھتے ہیں تو ’چائے والا‘ بن جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیرا عظم مودی نے جلپائی گوڑی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں بھی ایک چائے والا ہوں اور آپ لوگ چائے پیدا کرتے ہیں آپ کے درد اور مشکلات کو میں جانتا ہوں۔ ‘‘
مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ مودی کی طرح ذاتی تنقید کرنا پسند نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مودی نے کلکتہ ہائی کورٹ کی بنچ کا سنگ بنیاد رکھا ہے لیکن وہاں کلکتہ ہائی کورٹ سے وابستہ کوئی شخص موجود نہیں تھا، جبکہ تمام انفراسٹکچر کو ہم نے مہیا کرایا ہے۔ زمین ہم نے دی ہے، سرکٹ بنچ کلکتہ ہائی کورٹ کی ہے لیکن وہاں کوئی بھی کلکتہ ہائی کورٹ کی جانب سے موجود نہیں تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دلہا دلہن نہیں ہے مگر بینڈ باجا اور بارات موجود ہے۔ ‘‘
ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ آر بی آئی سے سی بی آئی تک سب انہیں بائے بائے کہہ رہے ہیں۔ مودی ہندوستان کو نہیں جانتے ہیں۔ وہ صرف گودھرا اور گجرات فسادات کی وجہ سے ہی مشہور ہوئے ہیں۔ مودی ماسٹر آف رافیل ہیں، ماسٹر آف نوٹ بندی ہیں، کرپشن کے ماسٹر ہیں۔ وہ ایک متکبر انسان ہیں۔ ‘‘
ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’اگر مودی مجھ سے پنگا لیں گے تو میں چنگا بن جاؤں گی۔ ممتا بنرجی سے جب سوال کیا گیا کہ آپ کہتے ہیں کہ ’مودی بابو جھوٹ بول رہے ہیں‘۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’میں انہیں بابو نہیں پکارتی۔ میں انہیں میڈ ڈے بابو پکارتی ہوں۔ وہ ہم لوگوں سے ڈرتے ہیں کیوں کہ ہم سب مل کر کام کرتے ہیں اور کبھی بھی نہیں ڈرتی ہوں۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ میں اپنے طور پر جدو جہد کرتی ہوں، میں نے ہمیشہ ماں، ماٹی اور مانش کی عزت کی ہے۔ مودی صرف روپے کی بدولت ہی وزیرا عظم بنے ہیں۔ باقی ان میں کوئی بات نہیں ہے۔