سی بی ایس ای کے نئے ضابطۂ امتحان نے جینس پہننے پر لگایا مکمل پابندی

ملک بھر میں 15 فروری سے سی بی ایس ای کے امتحانات شروع ہونے جا رہے ہیں۔ بورڈ نے دسویں اور بارہویں کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحانات کے لیے اس بار سی بی ایس ای نے سخت گائیڈ لائنس یعنی شرائط و ضوابط جاری کیے ہیں۔ نئے شرائط و ضوابط کے مطابق طلباء امتحان مراکز میں جینس اور کسے ہوئے کپڑے پہن کر نہیں جا سکتے، اس پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خاص طور سے یہ قانون پرائیویٹ طلبا کے لیے ہے۔ گائیڈ لائنس میں یہ صاف کر دیا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسٹوڈنٹس امتحان مراکز میں سفید شرٹ پہن کر جائیں اور ریگولر اسٹوڈنٹس اپنا اسکول یونیفارم پہن کر جائیں۔

اس بار سی بی ایس ای نے شرطوں میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے شرائط کے مطابق ایسے کالج کو امتحان کا مرکز نہیں بنایا گیا ہے جس کے منیجر ہی پرنسپل ہیں۔ امتحان مراکز پر امتحان کے دوران اسکول مینجمنٹ سے منسلک اشخاص کے جانے پر روک لگا دی گئی ہے۔ اگر جانچ کے دوران مینجمنٹ سے جڑا کوئی شخص امتحان مرکز پر ملا تو اس کا سینٹر منسوخ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
اس کے علاوہ اس بار جوابی کاپی کی جانچ کے بعد دوبارہ بھی جانچ کرائی جائے گی۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی غلطی ہو تو اسے دوسری جانچ میں درست کر دیا جائے۔ یہ بھی فیصلہ لیا گیا ہے کہ اساتذہ کو جانچ کے لیے 25 جوابی کاپیوں سے زیادہ نہیں دی جائیں گی۔ اساتذہ کو ان جوابی کاپیوں پر نمبر دینے کے لیے 8 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ اس سے قبل 100 جوابی کاپی کے سیٹ کو چار اساتذہ کے پینل میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ ایک جوابی کاپی کے نصف سوال ایک استاذ اور نصف سوال کے جواب کو دوسرا استاذ جانچ کرتا تھا۔
سی بی ایس ای امتحانات 15 فروری سے شروع تو ہو رہے ہیں لیکن فروری مہینے میں ہونے والے سبھی امتحانات ووکیشنل کورس کے ہوں گے۔ ڈیٹ شیٹ کے مطابق 12ویں کلاس کا 2 مارچ کا پہلا ’مین اگزام‘ انگریزی سبجیکٹ کا ہوگا۔ پوری ڈیٹ شیٹ آپ سی بی ایس ای کے آفیشیل ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔
سی بی ایس ای بورڈ دسویں کے امتحانات 21 فروری 2019 سے شروع ہو رہے ہیں۔ وہیں 7 مارچ کو ریاضی کا امتحان اور 13 مارچ کو سائنس اور 19 مارچ کو ہندی کورس ’اے‘ اور ’بی‘ کے امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔ 29 مارچ 2019 کو دسویں درجہ کا آخری امتحان سماجی سائنس سبجیکٹ کا ہوگا۔
سی بی ایس ای کے مطابق امتحان صبح 10.30 بجے سے شروع ہوگا اور طلبا کو 10.15 بجے سوالنامہ دے دیا جائے گا۔ 10.30 بجے طلبا سوالات کے جوابات لکھنے شروع کر دیں گے۔ طلبا کو امتحان مراکز پر صبح 10 بجے پہنچنا ہوگا۔