جھارکھنڈ میں پاپولر فرنٹ پر پابندی کی رپورٹ غیر جمہوری و غیر دستوری: جنرل سیکریٹری

میڈیا میں آئی کچھ خبروں سے ہمیں پتہ چلا کہ کل ریاستی شعبۂ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق جھارکھنڈ حکومت نے ریاست میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ہم جھارکھنڈ حکومت کے پاپولر فرنٹ پر دوبارہ پابندی عائد کرنے کے اس غیر جمہوری اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ شعبۂ داخلہ کے نوٹس میں بیان کردہ تمام الزامات بالکل بے بنیاد، ناقابل اعتبار اور گمراہ کن ہیں۔ پاپولر فرنٹ اس قسم کی ظالمانہ کاروائیوں سے ہرگز خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے۔ ہم اس کھلی ناانصافی کے خلاف قانونی و جمہوری طریقوں سے لڑائی لڑیں گے۔

جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے اس سے قبل 21 فروری 2018 کو اسی حکومت کے ذریعہ لگائی گئی سابقہ پابندی کو 27 اگست 2018 کو کالعدم قرار دیا تھا۔ کورٹ نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ریاستی حکومت پاپولر فرنٹ پر لگائے کسی بھی الزام کو ثابت کر پانے میں ناکام رہی ہے۔

حالیہ پابندی کی حقیقت کو، جھارکھنڈ میں پاپولر فرنٹ کی حمایت سے ہجومی تشدد کے مقدمات میں ملی قانونی فتح کے سیاق میں بہ آسانی سمجھا جا سکتا ہے۔ یہ بات صاف ہے کہ پاپولر فرنٹ کے خلاف اس قسم کی انتقامی کارروائی کے پیچھے مخفی اصل مقصد تنظیم کے ذریعہ فروغ دئے گئے قانونی دفاع و جمہوری جدوجہد کے کلچر کو روکنا ہے۔

 پاپولر فرنٹ کو ملک کی عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی اپنے جمہوری ملک میں موجود جمہوری و قانونی طریقوں کو اپناتے ہوئے ہم اس پابندی کو شکست دینے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔