بی جے پی لیڈر کی وزیر اعظم سے پاکستان میں بھی گودھرا جیسا قتل عام کروانے کی خواہش ۔ مختلف گوشوں کا سخت رد عمل
نئی دہلی 18 فبروری ( ملت ٹائمز – ایجنسیاں ) بی جے پی کی متنازعہ تبصروں کیلئے مشعور لیڈر سادھوی پراچی کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ وزیر اعظم مودی سے خواہش کر رہی ہیں کہ وہ پلوامہ حملوں کا بدلہ لینے پاکستان میں بھی گودھرا جیسا خون خرابہ کروائیں۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ ویڈیو میں سادھوی پراچی نے وزیر اعظم سے خواہش کی ہے کہ وہ پاکستان کو سبق سکھانے گودھرا جیسا ایک اور قتل عام کروائیں۔ وہ کہہ رہی ہیں کہ وہ وزیر اعظم سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کر رہی ہیں کہ اگر وہ پاکستان میں بھی گودھرا جیسا قتل عام کرواتے ہیں تو سارا ملک ان کے آگے جھک جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم راولپنڈی اور کراچی کو جلا نہیں دیتے اس وقت تک دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔ جیسے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوا سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والوں اور صحافیوں نے بھی یہ سوچنا شروع کردیا کہ آیا سادھوی پراچی نے 2002 ء گودھرا ٹرین حملہ میں مودی کے رول کی غیرارادی طور پر توثیق تو نہیں کردی ہے ؟ ۔ جرنلسٹ روی نائر نے تحریر کیا کہ سادھوی پراچی نے دو چیزیں واضح کردی ہیں۔ ایک تو یہ کہ مودی حکومت شمال مغربی سرحد پر انتخابات سے قبل کوئی ڈرامہ کریگی اور دوسری یہ کہ انہوں نے کھلے عام یہ کہہ دیا ہے کہ گودھرا قتل عام کس نے کروایا ۔ صحافی روہنی سنگھ نے تحریر کیا کہ یہ کیا حیرت انگیز انکشاف ہے ۔ ایک اور ٹوئیٹر پر یہ واضح کیا کہ ہوسکتا ہے کہ پراچی نے بیوقوفی میں یہ بات کہی ہو لیکن یہ قابل بھروسہ ہے ۔ کاشف جاوید نامی ایک یوزر نے تحریر کیا کہ اب یہ واضح ہوگیا کہ گودھرا سانحہ کے ذمہ دار کون ہیں ؟ سازشی کون ہیں ۔ بی جے پی ‘ آر ایس ایس اور مودی کو شرم آنی چاہئے ۔ ایک اور یوزر راہول وکی نے کہا کہ ہندوستان کو یہ سوچنے کا وقت ہے کہ قوم میں سیاست کا معیار کیا رہ گیا ہے ۔ ایک اور یوزر پشپانجلی نے تحریر کیا کہ بالآحر ہمیں گودھرا قتل عام کا اصل سراغ مل گیا ۔ شکریہ میڈیم (پراچی ) ۔ گجرات میں گودھرا اسٹیشن پر سابرمتی ایکسپریس کو نذر آتش کردیا گیا تھا جس کے بعد ریاست میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا اور تقریبا ایک ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔