پلوامہ حملہ : کشمیر واپس لوٹنے والے طلبہ کیلئے شاہ فیصل نے بنایا نیا منصوبہ ، کیا یہ بڑا اعلان

شاہ فیصل نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران یہ بات سمجھنے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا ان طلبا کے لئے بیرون ریاست تحصیل تعلیم کے لئے واپس جانا محفوظ ہوگا یا نہیں ۔

 سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل پلوامہ خودکش دھماکے کے تناظر میں ملک کی مختلف ریاستوں کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طالب علموں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لئے ایک مربوط منصوبہ مرتب کرنے کے لئے کشمیر واپس لوٹنے والے طلبہ کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ شروع کریں گے۔

ڈاکٹر شاہ فیصل نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کشمیر واپس لوٹنے والے طلبہ کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری طلبہ کے ساتھ ملک کی مختلف ریاستوں میں ہوئے ہراسانیوں کے واقعات کے بارے میں ڈاٹا جمع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران یہ بات سمجھنے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا ان طلبہ کے لئے بیرون ریاست تحصیل تعلیم کے لئے واپس جانا محفوظ ہوگا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معطل کئے گئے طلبہ کی بحالی یا انہیں دوسرے کالجوں یا یونیورسٹوں میں داخلہ دیے جانے پر بھی ایک حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ فیصل نے کہا کہ مقامی سطح پر تعلیمی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے بھی ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔