شہیدوں کے گھروں میں ’ درد کا دریا ‘ تھا اور مودی دریا میں ’ فوٹو شوٹ ‘ پر تھے: راہل گاندھی 

کانگریس کا الزام ہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد ملک بھر میں ماتم تھا لیکن مودی نے پہلے 3.10 بجے جم کوربیٹ میں شوٹنگ کی اور اس کے بعد 5.10 بجے موبائل کے ذریعہ اتراکھنڈ کے رُدرپور میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔

پلوامہ میں ہوئے خود کش حملے کے بعد جم کوربیٹ پارک میں شوٹنگ کرانے کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر شدید حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کر کے کہا، ’’پلوامہ میں 40 جوانوں کی شہادت کی خبر کے تین گھنٹے بعد بھی ’پرائم ٹائم منسٹر‘ فلم شوٹنگ کرتے رہے۔ ملک کے دل اور شہیدوں کے گھروں میں درد کا دریا امنڈا ہوا تھا اور وہ مسکراتے ہوئے دریا میں فوٹو شوٹ پر تھے۔‘‘

قبل ازیں کانگریس کے صدر دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پوچھا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد وہ جم کوربیٹ پارک میں کیا کر رہے تھے؟

منیش تیواری نے کہا کہ جس وقت سکیورٹی اہلکار پر حملہ ہوا اس وقت وزیر اعظم مودی جم کوربیٹ پارک میں ایک شوٹنگ میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشہیر کے لئے یہ شوٹنگ کی جا رہی تھی۔ تیواری نے کہا کہ وزیر اعظم یہ کیوں نہیں بتاتاے کہ 3.10 بجے سے لے کر شام 2.10 بجے تک وہ کہاں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم اتنے بے حس کیسے ہو سکتے ہیں!

منیش تیواری نے کہا کہ پلوامہ میں بڑا خود کش حملہ انجام دیا گیا، پورا ملک سوگوار تھا لیکن وزیر اعظم مودی ن مودی نے پہلے 3.10 بجے جم کوربیٹ میں شوٹنگ کرائی اور اس کے بعد 5.10 بجے موبائل کے ذریعہ اتراکھنڈ کے رُدرپور میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا، ’’اتنا بڑا واقعہ پیش آیا تو کیا وزیر اعظم کو پہلا کام یہ نہیں کرنا چاہے تھا کہ ریلی سے خطاب کرنے سے قبل اس حملے کی مذمت کرتے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے لیکن وزیر اعظم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا۔

کانگریس ترجمان نے کہا کہ قدیم ترین سیاسی جماعت ہونے کے ناطے ہم جائز سوال پوچھتے رہے ہیں کہ کیونکہ ملک اس حکومت سے جواب طلب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ بات کان کھول کر سن لینی چاہئے کہ غم کے لمحات میں ملک کے ساتھ کھڑے ہونے اور قومی سلامتی پر اہم سوال پوچھنا یہ دونوں مختلف چیزیں نہیں ہیں۔

غور طلب ہے کہ کانگریس کی طرف سے وزیر اعظم مودی سے سوال پوچھے جانے پر بی جے پی نے سوال کھڑے کئے تھے۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے بی جے پی کی طرف سے پوچھے گئے اسی سوال کا جواب دیا۔

تیواری نے کہا کہ پلوامہ حملے کو کے کر کانگریس پارٹی کی جانب سے لگاتار سوال پوچھے جا رہے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت سوالوں کے جواب نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی 24 گھنٹے بولتے رہتے ہیں لیکن کانگریس پارٹی کے سوالوں کا جواب نہیں دے رہے۔