بنگلور: (ایم این این) علماء کرام کو انگریزی زبان سے آراستہ کرنے والے جنوبی ہند کے مشہور و معروف و منفرد ادارہ محمودیہ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر،آگل کوٹے، ماگڑی، رام نگر،کرناٹک میں فائنل سالانہ مسابقہ خطابت کا گذشتہ کل انعقاد ہوا جس کی صدارت حضرت مولانا یوسف ندوی قاسمی، بانی و مہتمم جامعہ تزکیت البنات نے کی. فائنل مسابقے میں پہنچنے والے طلباء کی تعداد 8 تھی، جنہوں نے مختلف عناوین پر انگریزی زبان میں اپنے فن خطابت کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کا آغاز مولانا محمد طارق صاحب کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ مولانا شمشیر صاحب نے چند اشعار نعتیہ کلام کے پیش کۓ۔ اس کے بعد پروگرام کا باضابطہ طور سے آغاز ہوا، نظامت کے فرائض مولانا محمد سعید قاسمی نے ا انجام دیئے ۔
اس فائنل مسابقے میں مولانا محمد ارشاد اول پوزیشن ،مولانا محمد ریاض الرحمن دوم پوزیشن، اور مولانا محمد انتخاب نے سوم پوزیشن سے کامیابی حاصل کی۔ انھیں بنگلور سے تشریف لانے والے معزز مہمانان کے ہاتھوں قیمتی انعامات سے نوازا گیا، ساتھ ہی ساتھ تمام مساہمین کو تشجیعی انعامات دیئے گئے ۔
پروگرام میں جناب عبدالقیوم صاحب سوفٹویئر انجینیر، سید جلال الدین صاحب سی اے بنگلور، منصور خان صاحب الفیض ویلفیئر ٹرسٹ اور محمد صادق صاحب نے ججز کے فرائض انجام دیے ۔
ان سبھی حضرات نے اپنے تاثراتی خطاب میں طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا : آپ حضرات کی کارکردگی کو دیکھ کر ہم بے انتہا خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ تمام طلباء بالخصوص وہ اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنھوں نے آپ پر اتنی محنت کی، ان تمام کا سہرہ انہیں کے سر جاتا ہے۔
حضرت صدر محترم نے اپنے کلیدی خطاب میں فرمایا: علماء ربانیین کے خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ طلبہ سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ آپ دوسرے علماء سے ممتاز ہیں، آپ کے لئے تبلیغ دین دوسروں کے بنسبت آسان ہے، انھوں نے گہرے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کاقیام منجانب اللہ ہے۔ قابل مبارک باد اور لائقِ تحسین ہیں وہ حضرات جو اس ادارے کی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔
اخیر میں جناب محمد الیاس رضوی صاحب۔۔۔ نے آنے والے حضرات کا خیر مقدم کیا اور تمام آنے والے مہمانان کرام بالخصوص جناب محمد صلاح الدین صاحب، ڈاکٹر شاہ زیب صاحب، جعفر صادق صاحب، محمد نثار صاحب، سمیر بیگ ندوی، عمران صاحب وغیرہ کا شکریہ ادا کیا۔ حضرت صدر محترم کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام میں ادارہ ہذا کے صدر مولانا سمیع اللہ رفاعی، سکریٹری حافظ ظھیر صاحب اور خازن حافظ کلیم اللہ خان، اساتذہ مولانا مامون حبیب ندوی اور مولانا فیروز احمد مظاہری وغیرہ نے شرکت کی۔

Leave a Reply