اسلام آباد(ایم این این )
ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو رہا کیے جانے کے پس منظر میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو وہاں کے کچھ سیاستدانوں کی جانب سے ’نوبل امن انعام‘ کا مستحق قرار دئیے جانے پر عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اس انعام کے قابل نہیں ہیں۔ عمران خان نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ”میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں “۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ”نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہو گا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن و انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ “
میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں۔ نوبل انعام کا مستحق وہ شخص ہو گا جو کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کرے گا اور برصغیر میں امن و انسانی ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔
دراصل پاکستانی میڈیا کے مطابق ہندوستانی پائلٹ ابھینندن ورتمان کو آزاد کیے جانے کے بعد پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کر دی ہے جس میں عمران خان کو نوبل انعام دیئے جانے کی بات کہی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک تین لاکھ سے زیادہ لوگوں نے پاکستانی پی ایم کو نوبل امن انعام دیئے جانے کی حمایت میں دستخط کیے ہیں۔ بعد ازاں پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عمران خان کو نوبل انعام دینے کی تجویز پارلیمنٹ سکریٹریٹ میں پیش کی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے جارحانہ رخ کے سبب دو نیوکلیائی طاقت رکھنے والے ممالک کے درمیان جنگ کی حالت بن گئی تھی، لیکن عمران نے امن قائم کرنے کے لیے بہترین کام کیا۔ تجویز میں یہ بھی کہا گیا کہ امن کے لیے کیے گئے عمران کی کوششوں کی تعریف کی جانی چاہیے اور اس کے لیے سب سے مناسب یہ رہے گا کہ انھیں نوبل انعام سے نوازا جائے۔