نئی دہلی (ملت ٹائمز)
سترہویں لوک سبھا انتخابات میں سبھی پولنگ مراکز پر وی وی پیٹ کا استعمال کیاجائیگا۔ ای وی ایم مشینوں پر امیدواروں کے انتخابی نشان اور نام کےساتھ انکی تصویریں بھی ہونگی تاکہ ووٹر وں کو سہولت ہو۔انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کے لیے ایک اینڈرائڈ موبائل ایپ جاری کیاجائیگا۔
اس بار سوشل میڈیا کے ذریعہ انتخابی تشہیری مہم کو بھی ضابطہ اخلاق کےدائرے میں لایاگیاہے۔سوشل میڈیا پر اشتہار کا مواد ڈالنے سے پہلے سرٹیفکیشن لازمی قرار دیاگیاہے۔فیس بک ،ٹوئیٹر ،گوگل اور یوٹیوب نے تحریری طورپر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے اشتہاری مواد کو اپنے پلیٹ فارم سے جاری نہیں ہونے دیں گے اور کسی بھی قابل اعتراض مواد پر فورا کارروائی کریں گے۔
سترہویں لوک سبھاانتخابات میں 90 کروڑ شہری حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس کے دوران مزید بتایاکہ 2014 میں 16 ویں لوک سبھا کے انتخابات میں 81 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان نے حصہ لیا تھا۔ اس بار 18 اور 19 سال کی عمر کےڈیڑھ کروڑ نئے ووٹر ہوں گے۔
نامہ نگاروں کو تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر اروڑہ نے کہا کہ 16 ویں لوک سبھا کی میعاد تین جون کو ختم ہو رہی ہے۔ انتخابی تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران سیاسی جماعتوں اور ریاستی حکومتوں وغیرہ سے صلاح و مشورہ کیا گیا اور محکمہ موسمیات ،امتحانات کے پروگرام ، تہوار اور فصلوں کی بوائی اور کٹائی جیسے امور پر بھی غور کیا گیا۔
اروڑہ نے بتایاکہ پچھلی بار 9 مراحل میں انتخابات ہوئے تھے ،لیکن اس بار سات مراحل میں انتخابات کا عمل مکمل کرانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔انھوں نے بتایاکہ انتخابات کی تاریخ طے کرتے وقت ریاستی ایجوکیشن بورڈوں ،سی بی ایس ای ،مقامی تہواروں کے ساتھ ہی فصلوں کی کٹائی کے موسم اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو بھی ذہن میں رکھاگیاہے۔
پہلے مرحلہ میں 20 ریاستوں کی 91 سیٹوں ،دوسرے مرحلہ میں 13ریاستوں کی 97 سیٹوں ،تیسرے مرحلہ میں 14ریاستوں کی 115 سیٹوں ،چوتھے مرحلہ میں 9 ریاستوں کی 71 سیٹوں ،پانچویں مرحلہ میں 7ریاستوں کی 51سیٹوں ،چھٹے مرحلہ میں سات ریاستوں کی 59 سیٹوں اور ساتویں مرحلہ میں سات ریاستوں کی 59 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 11اپریل سے 19 مئی تک کل سات مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ 23 مئی کو نتیجہ سامنے آئے گا ۔