چکیا کے رام ڈیہا میں ہوئے دو نوجوانوں کے قتل کی قانونی لڑائی لڑے گی جمعیۃ علماء ہند (م): مفتی الیاس مظاہری

 موتیہاری: (فضل المبین – ملت ٹائمز ) چکیا کے رام ڈیہا میں دو نوجوانوں کے قتل پر قانونی لڑائی لڑنے کا فیصلہ جمعیۃ علماء ہند (م) میں کیا ہے ‌۔ آج جمیۃ علماء ہند مشرقی چمپارن کے ضلع صدر مفتی محمد الیاس مظاہری کی قیادت میں ایک وفد نے مقتولین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مفتی محمد الیاس مظاہری نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ: جمعیۃ علماء نے ہمیشہ قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے خاطر ملکی سطح پر جو کارنامے انجام دیئے ہیں وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔ بے قصوروں کی رہائی کے لئے ہمیشہ قانونی لڑائی لڑی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ سینکڑوں بےگناہ بے قصور ثابت ہوکر باعزت رہا ہوئے ہیں۔ ہمیشہ جمعیۃ علماء نے بےباک ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانہ نے بتایا اور تجہیز وتکفین کے دوران جو ویڈیوز لئے گئے ہیں اس سے ظاہر ہیکہ اس طرح کا غیر مناسب فعل کوئ حیوان ہی کرسکتا ہے، دونوں مقتولین کے پاؤں، جانگھ اور ہاتھ پر کیل ٹھوکا گیا ہے، الیکٹرانک شارٹ لگائے گئے ہیں۔

 الغرض جس طرح سے ان دونوں مقتولین کے ساتھ کیا گیا ہے انسانیت کی ساری حدیں پار کرکے درندگیت کی انتہاء کردی گئی ہے، اس موقع پر مقتول تسیم کے معذور والد ملازم انصاری اور مقتول غفران کے والد منور علی نے دونوں کی گرفتاری سے لیکر قتل کئے جانے تک کی ساری روداد جمعیۃ علماء کے ذمہداروں کو سنائی، اس موقع پر اس بات سے دونوں کے والدین جذباتی ہوگئے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے کہ آج تک درجنوں ٹیمیں، تنظیمں اور لیڈران آئے ہمیشہ ہر محض انصاف دلانے کی تسلی دلاکر چلے جاتے ہیں لیکن جمعیۃ علماء کی اس ٹیم نے قانونی لڑائی میں تعاون کرنے اور اپنی سطح سے لڑنے کےلئے یقین دہانی کرائی ہے اس کےلئے جمعیۃ علماء (م) کے ہم شکرگزار ہیں، موقع پر جمعیۃ علماء (م) کے ذمہداروں نے کہا کہ آپکو ایک تحریری درخواست جمعیۃ علماء کو دینی ہوگی جس میں آپ جمعیۃ علماء کو قانونی لڑائی لڑنے کی مکمل ذمہ داری سونپیں گے۔

 اس موقع پر جمعیۃ علماء (م) کے ضلع نائب صدر مفتی ثناء اللہ نے تنظیم کے مقاصد اور پوارا تعارف کرایا, ٹیم میں شامل جمعیۃ کے تمام ذمہ داران نے سرکار سے بھی مقتولین کے اہل خانہ کو 50 لاکھ کا معاوضہ، گھرمیں سے ایک فرد کو سرکاری نوکری, عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی جانچ کامطالبہ کیا ہے، ساتھ ہی قصورواروں اور اس قتل میں شامل ایک ایک فرد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی اور عزم مصمم کیا ہے. ٹیم میں شرکت کرنے والوں میں جمعیۃ علماء مشرقی چمپارن (م) کے نائب سکریٹری مولانا نہال احمد مظاہری, چکیا جمعیۃ علماء کے صدر مولانا صلاح الدین، مولانا عبدالحکیم ندوی، مولانا محمد ابو سلمان احمد قاسمی، صغیر عالم سمیت درجنوں اسماء شامل ہیں۔