کشن گنج اور حیدرآباد میں کانگریس کو نہیں مل رہاہے امیدوار ۔ ایم آئی ایم کی وجہ سے مقابلہ سخت

مفتی اعجاز ارشد قاسمی بھی مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔علمی قابلیت ، ہمہ جہت صلاحیت اور مسلمانوں کے درمیان مقبولیت کی وجہ سے کانگریس ہائی کمان کی ان پر خصوصی توجہ ہے
نئی دہلی (ملت ٹائمز)
عام انتخابات 2019 کیلئے کانگریس سمیت متعدد پارٹیوں نے امیدواروں کی فہرست نکالی شروع کردی ہے تاہم کانگریس اور این ڈی اے کو حیدر آباد اور بہار کے کشن گنج میں کوئی ایسا امیدوار نہیں مل رہاہے جو ووہاں سے ایم آئی ایم کے امیدواروں کو ٹکر دے سکے ۔
حیدر آباد لوک سبھا سیٹ پر 1984 سے مجلس اتحاد المسلمین کا مسلسل قبضہ ہے ۔ سترہویں لوک سبھا میں بھی ایم آئی ایم کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی وہاں سے الیکشن لڑڑہے ہیں جن کے مقابلے میں امیدوار اتارنے کیلئے کانگریس اور بی جے پی کو کوئی امیدوار نہیں مل رہاہے ۔ نو بھارت ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق کانگریس کرکٹر اظہرالدین کو اویسی کے مقابلے میں اتارنا چاہتی ہے لیکن وہ اس کیلئے آماد ہ نہیں ہیں۔
بہار کا کشن گنج مسلم اکثریتی حلقہ ہے جہاں تقریبا 75 فیصد مسلم ووٹ ہے اور مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر وہاں کے مشہور لیڈر اختر الایمان مضبوط دعویدار ہیں ۔ 2014 میں بھی وہ جدیو کے ٹکٹ پر امیدوار بنے تھے، لیکن بی جے پی کو شکست دینے کیلئے انہوں نے اپنی امیدواری واپس لے لی تھی ۔2019 میں اب وہ ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں اور مضبوط دعویدار مانے جارہے ہیں ۔دوسری طرف مولانا اسرارالحق قاسمی رحمة اللہ علیہ کی وفات کے بعد کانگریس کے ٹکٹ پر وہاں سے کئی لوگ الیکشن لڑنا چاہ رہے ہیں لیکن کانگریس تذبذب کی شکار ہے اور کسی نام پر وہ مہرنہیں لگارہی ہے ۔
ملت ٹائمز کو ملی اطلاع کے مطابق کشن گنج کے امیدوار کیلئے آخری لمحے میں جن تین ناموں کی اسکیننگ ہوئی ہے ان میں کانگریس سکریٹری ڈاکٹر محمد جاوید ۔ مفتی اعجاز ارشد قاسمی اورمولانا مرحوم کے بھائی جناب زاہد الرحمن کے نام شامل ہیں ۔ ان تینوں ناموں میں سے ہی کسی کا اعلان ہوسکتاہے ۔ ڈاکٹر جاوید کانگریس سے پرانا رشتہ ہونے کی بنیاد پر ٹکٹ کی دعویداری کررہے ہیں ۔کئی دنوں سے وہ دہلی میں ہی قیام پذیر ہیں ۔مفتی اعجاز ارشد قاسمی بھی مسلسل کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔علمی قابلیت ، ہمہ جہت صلاحیت اور مسلمانوں کے درمیان مقبولیت کی وجہ سے کانگریس ہائی کمان کی ان پر خصوصی توجہ ہے. مسلمانوں کا ایک طبفہ بھی مفتی اعجاز ارشد قاسمی کی حمایت میں ہے اور وہ انہیں چاہتے ہیں ، جناب زاہد الرحمن بھی مولانا اسرارالحق قاسمی رحمة اللہ علیہ کے بھائی ہونے کی وجہ سے ٹکٹ کے دعویدار ہیں ۔کس کو ملے گی یہ سیٹ اس کا فیصلہ 17مار چ کو ہوجائے گا ۔
بہار میں عظیم اتحاد کے درمیان سیٹوں کی تقسیم تقریبا فائنل ہوگئی ہے ۔ معتبر ذرائع سے ملت ٹائمز کو ملی اطلاع کے مطابق بہار میں آر جے ڈی 20 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی ۔ کانگریس 11سیٹوں پر الیکشن لڑے گی ۔ آر ایل ایس پی تین سیٹوں پر امیدوار اتارے گی دوسیٹیں جیتن رام مانجھی کو ملے گی ۔ اس کے علاوہ ایک ایک سیٹ شرد یادو اور مکیش سہنی کوملے گی ۔کمیونسٹ پارٹی سے بھی بات چیت چل رہی ہے ۔