ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہے ،ایسا سبق سکھائیں گے جو زندگی بھر یاد رہے گا : طیب اردگان

دہشتگرد برینٹن ٹرینٹ کے اسلحے پر موجود تمام عبارتیں ترکی کے خلاف سازشوں کا پتہ دیتی ہیں ، اگر اس میں ہمت ہے تو جو کہا ہے وہ کر کے دکھائے
انقرہ (ایم این این )
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ نیو زی لینڈ کے دہشتگرد حملے کی حساب دہی کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ترک ضلع زونغولداق میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحے میں 50 شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہم اس معاملے کی تہہ تک ضرور پہنچیں گے۔
صدر نے کہا کہ دہشتگرد برینٹن ٹرینٹ کے اسلحے پر موجود تمام عبارتیں ترکی کے خلاف سازشوں کا پتہ دیتی ہیں ، اگر اس میں ہمت ہے تو جو کہا ہے وہ کر کے دکھائے ،ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ایسا سبق سکھائیں گے جو عمر بھر یاد رکھا جائے گا۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کی ترک اور مسلم دشمنی واضح ہے جوکہ صدیاں گزر جانے کے باوجود اپنے دلوں میں کینہ پروان رکھےہوئے ہیں اور جن کا مقصد صرف مسلمانوں کا بے جا خون بہانا ہے لیکن میں مغربی دنیا سے دوبارہ کہہ دوں کہ اس معاملے کوخلوص دل، سنجیدگی اور نیک نیتی سے لیا جائے ورنہ خطرہ ہے کہ کہیں اس آگ کی چنگاریاں آپ کے گھروں کو بھی راکھ کا ڈھیر نہ کر دیں۔
انہوں نے فلسطینیوں کی جانب توجہ دلواتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے آہستہ آہستہ فلسطینیوں کے تقریباً تمام علاقوں پر قبضہ کرتے ہوئے ا±نہیں ایک بالشت زمین کے ٹکڑے میں مقید کر دیا ہے۔