گجرات فساد: گودھرا واقعہ کے ملزم ’ یعقوب ‘ کو سزائے عمر قید 

یعقوب پاتلیا کو گزشتہ سال جنوری میں گودھرا سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں 27 فروری 2002 کو ٹرین کے کوچ میں آگ لگنے سے 59 لوگوں کی موت ہوگئی تھی، اس کے ایک دن بعد سے ہی پورے گجرات میں فساد بھڑک گئے تھے۔

احمدآباد: گجرات کے گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس میں آگ لگانے سے متعلق معاملے کے ایک ملزم یعقوب پاتلیا کو ایک خصوصی عدالت نے عمرقید کی سزا سنائی ہے۔

یعقوب پاتلیا (عمر 64 سال) کو گزشتہ سال جنوری میں گودھرا سے ہی گرفتار کیا گیا تھا جہاں 27 فروری 2002 کو مذکورہ ٹرین کے کوچ ایس۔ 6 میں آگ لگائے جانے سے 59 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ اس کے ایک دن بعد سے ہی پورے گجرات میں فساد ہوئے تھے۔

خصوصی عدالت نے گزشتہ سال اگست میں دو ملزمان فاروق بھانا اور عمران شیری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، اس کے علاوہ دیگر تین ملزمان حسین سلیمان، قسم بھامیڑی اور فاروق دھنتیا کو بری کر دیا تھا۔ تینوں کو 2011 کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

معاملے کی جانچ خصوصی جانچ ٹیم ( ایس آئی ٹی) نے کی۔ ایس آئی ٹی عدالت کے جج ایس ایچ ووہرہ نے پاتلیا کو اس معاملے میں قتل اور سازش کا ملزم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ اس سے پہلے اس کے دو بھائی کو بھی اس معاملے میں سزا ہو چکی ہے جن میں سے ایک کی جیل میں ہی موت ہوچکی ہے۔

اس معاملے میں خصوصی عدالت نے مارچ 2011 میں 31 ملزموں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 11 کو پھانسی اور 20 کو عمرقید کی سزا سنائی تھی لیکن اکتوبر 2017 میں گجرات ہائی کورٹ نے پھانسی کی سزاؤں کو عمرقید میں تبدیل کردیا تھا۔