عربی زبان کی نمایاں خدمات انجام دینے کیلئے معروف ادیب مولانا نور عالم خلیل امینی صدر جمہوریہ ایوارڈ سے سرفراز 

مولانا نور عالم خلیل امینی دارالعلوم دیوبند سے شائع ہونے والی عربی میگزین ماہنامہ الداعی کے چیف ایڈیٹر ہیں۔ بلامبالغہ یہ میگزین ہندوستان سے عربی زبان میں شائع ہونے والے مجلات میں پہلے نمبر پر ہے اورعرب ممالک میں اسی خصوصی پذیرائی حاصل ہے۔

نئی دہلی: (ملت ٹائمز)

عربی زبان و ادب میں نمایاں خدمات انجام دینے کے حوالے سے صدرجمہوریہ ایوارڈ برائے سال 2017 سے معروف ادیب اور دارالعلوم دیوبند کے مؤقر استاذ مولانا نور عالم خلیل امینی آج سرفراز کئے گئے.صدارتی محل میں انہیں یہ ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ 

مولانا نور عالم خلیل امینی دارالعلوم دیوبند سے شائع ہونے والی عربی میگزین ماہنامہ الداعی کے چیف ایڈیٹر ہیں۔ بلامبالغہ یہ میگزین ہندوستان سے عربی زبان میں شائع ہونے والے مجلات میں پہلے نمبر پر ہے اور عرب ممالک میں اسی خصوصی پذیرائی حاصل ہے ۔عالم عرب اور فلسطین کے حالات پر مولانا امینی کا گہرا مطالعہ بھی ہے اورمتعدد کتابیں ان کے قلم سے عربی اور اردو میں منظر عام پر آچکی ہیں جس میں فلسطین صلاح الدین ایوبی کے انتظار میں۔ صلیبی صہیونی جنگ۔ کیا اسلام پسپا ہورہاہے؟ کو اہل علم کے درمیان خصوصی مقبولیت حاصل ہے اس کے علاوہ وہ کوہ کن کی باتیں اور پس مرگ زندہ بھی آپ کی مقبول ترین تصانیف میں شامل ہیں ۔

ملت ٹائمزکے ذرائع کے مطابق صدر جمہوریہ ایوارڈ سال 2017 کیلئے مولانا نور عالم خلیل امینی ۔ دہلی یونیورسیٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد نعمان خان اور پروفیسر محمد مسعود کے نام کا اعلان ہوا اگست 2018 میں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ 1996 سے سنسکرت ،عربی ،فارسی اور دیگرکئی زبانوں میں نمایاں خدمات انجام دینی والی شخصیات کے نام کا ہر سال 15 اگست کو اس ایوارڈ کیلئے اعلان کیا جاتاہے اور صدر جمہوریہ کے ہاتھوں انہیں شال ، ایوارڈ ، سرٹیفیکٹ اور 50000 روپے دیئے جاتے ہیں ۔ پی آئی بی نے بھی اپنی ویب سائٹ پر ان تمام ناموں کی تصدیق کردی تھی۔