وجے واڑہ(ملت ٹائمز)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے تیلگو دیشم پارٹی کے رہنما اور آندھرا پردیش وزیر اعلی چندر ابابو نائیڈو سے ملاقات کیلئے ایک وفد بھیجا۔ ایس ڈی پی آئی کے وفد نے چندرابابو نائیڈو کے اس اعلان پر مبارکباد پیش کیا کہ اگر ان کی پارٹی بر سر اقتدار ہوتی ہے تو مسلمان رہنما کو نائب وزیر اعلی کا عہدہ دیا جائے گا ۔قبل ازیں ایس ڈی پی آئی کے رہنماﺅں نے وزیر اعلی چندر ا بابو نائیڈو کے ساتھ مرکز میں فسطائی طاقتوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے کیلئے دونوں پارٹیوں کی مشترکہ کوششوں کے تعلق سے تفصیلی بات چیت کی۔اس موقع پر تیلگو دیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ایس ڈی پی آئی کی حمایت کا مطالبہ کیا۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے مندرجہ ذیل چار شرائط کے تحت تیلگو دیشم کی حمایت کا اعلان کیا۔ 1)۔ کرنول پارلیمانی حلقہ اور کرنول ، نندیال اور امیگینوراسمبلی حلقہ کوچھوڑ کر بقیہ پارلیمانی اور اسمبلی سیٹوں پر تیلگو دیشم کو ایس ڈی پی آئی کی حمایت حاصل ہوگی۔ 2)۔ انتخابات کے بعد تیلگو دیشم پارٹی این ڈی اے کے ساتھ نہیں جائے گی۔ 3)۔تیلگو دیشم پارٹی اقلیتوں کو انتظامیہ ، سیاسی تقرریوں میں نمائندگی دینے کے علاوہ بجٹ میں اقلیتوں کا خا ص خیال رکھے گی۔ 4)۔تیلگو دیشم پارٹی کو پارلیمنٹ میں مسلمانوں، دلتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے مسائل حل کرنے کیلئے آواز اٹھانی ہوگی۔ وزیر اعلی چندر ابابو نائیڈو سے ملاقات کے بعد ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ایک کیڈر بیس پارٹی ہے اور ہماری پارٹی آندھرا پردیش کے کئی علاقوں با اثر ہے۔ ہم نے وزیر اعلی چندر ابابو نائیڈو کو حمایت کرنے کا وعدہ کرلیا ہے اور تیلگو دیشم پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ہمارے کارکنان اور ممبرا ن میدان میں اتارے جائیں گے۔ وفد کی قیادت ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے کیا ، وفد میں قومی ورکنگ کمیٹی رکن افسر پاشاہ ،آندھرا پردیش کے ریاستی نائب صدر ریاض، جنر ل سکریٹری عبدا للہ خان، پاپولرفرنٹ زونل سکریٹری عارف ، پاپولر فرنٹ ریاستی صدرمولانا سبحان اور ریاستی جنرل سکریٹری عبداللطیف شامل رہے۔






