تقوی انسان کی زینت، ظاہر اور باطن دونوں سنورتا ہے

نئی دہلی: (پریس ریلیز) جامعہ اسلامیہ محمودیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ، پاوی، صادق پور، لونی، غازی آباد، یوپی (الہند) میں ایک عظیم الشان اجلاس عام بعنوان: ’’جلسۂ دستار بندی‘‘ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں اُن چار خوش نصیب طلبہ جنھوں نے مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی، ان کے سروں پر پگڑی باندھ کر اعزاز بخشا گیا۔

پروگرام کی نوعیت یہ رہی کہ ظہر بعد سے جامعہ ہذا ہی کے ہونہار طلبۂ کرام نے اپنا پروگرام پیش کرنا شروع کیا اور یہ سلسلہ رات آٹھ بجے تک چلا۔ پھر اس کے بعد پروگرام کی دوسری نشست کا آغاز کیا گیا، جس میں جناب مولانا قاری .رضوان قاسمی صاحب نے تلاوت کلام اللہ فرمائی، مشہور نعت خواں اور مداح رسولؐ، جناب قاری خوش دل صاحب نے نعتیہ کلام سناکر سامعین کو مسحور کردیا۔اسکے بعد متصلا مفتی عبدالواحد قاسمی فتاویٰ آنلائن کاخطاب شروع ہوا اسکے بعد مولانا جاوید صاحب صدر، تحفظ شریعت دہلی، اسکے بعد مفتی عبدالمنان صاحب قاسمی استاد دارالعلوم وقف دیوبند جلسہ کی سرپرستی حضرت مولانا مفتی نثار احمد صاحب بانی ومہتمم جامعہ ہذا فرمارہے تھے، اور مسند صدارت پر حضرت الاستاذ حضرت اقدس مولانا فرید الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ جلوہ فگن تھے، جب کہ نظامت کے فرائض مولانا ارمان جمالی قاسمی نے انجام دئے ۔اور جامعہ ھذا کے ناظم حضرت مولانا مفتی صبیح اختر قاسمی نے، اخیر میں، تمام مہمانوں کا دل کی گہرائی سے شکریہ۔

یوں تو اجلاس میں متعدد علمائے کرام اور نامور شخصیات نے شرکت فرمائی اور اپنے قیمتی تاثرات اور حوصلہ افزا اور نصیحت آمیز کلمات سے سامعین کو محظوظ فرمایا؛ لیکن سامعین کرام کی آنکھیں ایک ہی شخصیت کی طرف ٹکٹکی باندھ کر دیکھ رہی تھیں، ان کی پیشانیوں پر ابھرنے والی سلوٹیں بتلارہی تھیں کہ انہیں انتظار ہے، تو صدر محترم کے ایمان افروز بیان اور روح پرور خطاب کا۔ سامعین کے شوق وانتظار کو مد نظر رکھتے ہوئے حضرت مولانا فرید الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم استاذ الحدیث والتفسیر دارالعلوم وقف دیوبند نے نہایت ہی اثرآفریں اور نصیحت آمیز بیان فرمایا۔

آپ نے اللہ کی رضا پر راضی اور قدرت کے فیصلے پر یقین رکھنے کی تلقین فرمائی، فرمایا: جو کچھ بھی ہوتا ہے، اللہ کے چاہنے سے ہی ہوتا ہے، ہمارے اور آپ کے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ تقوی اختیار کرنے کی تلقین فرماتے ہوئے فرمایا: تقوی انسان کی زینت ہے، جس سے انسان کا ظاہر بھی سنورتا ہے اور باطن بھی۔ کیوں کہ جب انسان کا باطن سنور جائے گا، تو ظاہر پر اس کے اثرات خود بخود عیاں ہوجائیں گے۔ سنتوں سے محبت کرنے کے تعلق سے فرمایاکہ: یہ سنتوں پر عمل کرنا انسان کو عظمت ورفعت عطا کرتا ہے اور انسانی معاشرہ میں اس کی قدر ومنزلت دوبالا ہوجاتی ہے۔ قرآن مجید کی عظمت ورفعت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ: قرآن کریم سے محبت کرنے سے قرآن کریم بھی تم سے محبت کرے گا۔ اور قرآن کریم کی محبت تمہیں جنت تک لے جائے گی، جو ہرمومن اور ہر مسلمان کی آخری آرزو اور تمنا ہے کہ وہ جنت کا مستحق بن جائے۔ اس کے علاوہ بہت سی قیمتی نصیحتیں فرمائیں۔ سامعین بالکل سراپاشوق اور ہمہ تن گوش ہوکر سماعت فرما رہے تھے۔ آخیر میں آپ ہی کی دعا پر جلسہ کا اختتام پذیر ہوا۔