بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی ترجمان پر چلا جوتا، لوگ رہ گئے ہکا بکا

بھوپال سیٹ سے سادھوی پرگیہ سنگھ کو امیدوار بنائے جانے کے تعلق سے جی وی ایل نرسمہا راؤ پریس کانفرنس کر رہے تھے جب اچانک ہی ہال میں موجود ایک شخص نے جوتا پھینک کر انھیں مارا۔

دہلی واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں جب پارٹی کے سینئر لیڈر اور ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ اور بھوپیندر یادو پریس کانفرنس کر رہے تھے تو اچانک ایک جوتا جی وی ایل نرسمہا راؤ کو لگا جسے دیکھ کر وہاں موجود سبھی لوگ حیران و ششدر رہ گئے۔ جوتا پھینکنے والے کو وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں نے فوراً پکڑ کر ہال سے باہر نکالا اور پولس کے حوالے کر دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بھوپال سیٹ سے سادھوی پرگیہ سنگھ کو امیدوار بنائے جانے کے تعلق سے جی وی ایل نرسمہا راؤ پریس کانفرنس کر رہے تھے جب اچانک ہی ہال میں موجود ایک شخص نے جوتا پھینک کر مارا۔ واقعہ کے بعد ہال میں افرا تفری مچ گئی۔ اس درمیان سیکورٹی اہلکاروں نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔ پھر جوتا پھینکنے والے نے اپنی جیب سے ایک وزیٹنگ کارڈ نکال کر اچھال دیا جس پر لکھا تھا ’شکتی بھارگو‘۔

بتایا جاتا ہے کہ شکتی بھارگو کانپور کے رہنے والے ہیں اور وہ ہال میں سب سے آگے بیٹھے تھے۔ صحافیوں نے جب ان سے جوتا پھینکنے اور ان کی ناراضگی کا سبب پوچھا تو انھوں نے کچھ نہیں کہا۔ چونکہ سیکورٹی اہلکار انھیں پکڑ کر فوراً باہر لے گئے اس لیے صحافیوں کو بھی کچھ پوچھنے کا زیادہ موقع میسر نہیں ہو سکا۔ اس وقت شکتی بھارگو آئی پی اسٹیٹ پولس اسٹیشن میں ہیں اور پولس ان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔