تیرہویں شاہ ولی اللہ ایوارڈ کا اعلان پروفیسر عبید اللہ فہد شاہ ولی اللہ ایوارڈ سے ہوں گے سرفراز

نئی دہلی: (پریس ریلیز) شاہ ولی اللہ ایوارڈ بورڈ کی آج ہوئی میٹنگ میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ تیرہواں شاہ ولی اللہ ایوارڈ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبۂ اسلامیات کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبید اللہ فہد کو دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ پہلے سے متعین موضوع پر کیے گئے علمی کام کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ تیرہویں شاہ ولی اللہ ایوارڈ کے لیے ’’ علم سیاست اسلامی تناظر میں ‘‘ موضوع کا انتخاب ہوا تھا اور پورے ہندوستان میں اس کی تشہیر کی گئی تھی۔ ماہرین اور اہل علم کے تجویز کردہ ناموں پر آج بورڈ نے غور کیا اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ تیرہواں شاہ ولی اللہ ایوارڈ پروفیسر عبید اللہ فہد کو دیا جائے۔

شاہ ولی اللہ 18؍ ویں صدی کے جید اسلامی اسکالر تھے۔ آپ نے قرآن وحدیث اور تصوف کے موضوعات پر معرکۃ الآراء کتابیں تصنیف کیں، جن سے بعد میں آنے والی نسلوں نے بھرپور استفادہ کیا ہے۔ بیسویں صدی کے مفکرین ومصلحین بھی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مکتب فکر سے ہو، شاہ ولی اللہ کے افکار وخیالات سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور ان کے سرچشمۂ علم و دانش سے آج کی نئی نسل بھی فیض یاب ہورہی ہے۔

پروفیسر عبید اللہ فہد نے اسلام کے تصور سیاست اور مسلمانوں کی سیاسی فکر پر کئی کتب اور مضامین لکھے ہیں۔ اس ضمن میں ان کی یہ کتب خاص طور سے قابلِ ذکر ہیں: (1) سیاست الہلال اور ہندوستانی مسلمان۔ (2) اسلام کی سیاسی فکر اور مفکرین۔ (3) Reading Islamic Political Thought (4) Islamic Shura

جونیئر کٹیگری یعنی مقابلہ مضمون نگاری میں بورڈ نے یہ فیصلہ لیا کہ یہ انعام ڈاکٹر معراج احمد معراج اور مِس انیتا کماری کو مشترکہ طور پر دیا جائے گا۔

چودھویں شاہ ولی اللہ ایوارڈ کے لیے دعوت اسلامی کا موضوع طے کیا گیا ہے اور مضمون نگاری کا موضوع ہے: ’’ عصر حاضر میں دعوت اسلامی: اہمیت اور طریقۂ کار‘‘